حکومت قانون کی بالادستی کے لیے تاریخی جنگ لڑ رہی ہے، وزیر اعظم


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت قانون کی بالادستی کے لیے تاریخی جنگ لڑ رہی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے احساس “کوئی بھوکا نہ سوئے” پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے آغاز پر اپنی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ اس پروگرام کو مرحلہ وار فروغ دیا گیا اور اس پروگرام سے مستحق اور پسماندہ طبقہ مستفید ہو سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو پورے ملک میں پھیلایا جائے گا جبکہ موبائل کچن پروگرام کے ذریعے غریب لوگوں کو کھانا فراہم کیا جائے گا۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ کمزور طبقے کو اوپر اٹھائے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت قانون کی بالادستی کے لیے تاریخی جنگ لڑ رہی ہے۔ سیلانی ٹرسٹ کی رفاعی کاموں میں گران قدر خدمات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شوکت خانم اسپتال کو چلانا مشکل کام تھا جہاں آج 90 فیصد مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے۔ پشاور میں بھی شوکت خانم اسپتال تکمیل کے قریب ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈسکہ میں ہم ہار کر بھی جیتے ہیں، شیخ رشید احمد

صحت کارڈ سے متعلق بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں صحت کارڈز دیے جا رہے ہیں اور  پورے ملک کو یونیورسل ہیلتھ کوریج فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے۔


متعلقہ خبریں