پی سی بی نے ہال آف فیم میں شامل کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہال آف فیم میں شامل کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا۔

پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا 62 واں اجلاس 10 اپریل بروز ہفتے کو ورچوئل سیشن کے ‏ذریعے منعقد ہوا جس میں پی ایس ایل سکس کے بقیہ میچز کے انعقاد سمیت دیگر اہم فیصلے ‏کیے گئے۔

بی او جی نے پاکستان کرکٹ کی شہرہ آفاق شخصیات کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئےانہیں خراج ‏تحسین پیش کرنے کے لیےمتفقہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم کے آغاز کی منظوری دے دی ہے۔

کورونا وائرس سے قبل سری لنکا اور بنگلہ دیش کے دورہ پاکستان پر سابق کرکٹرز کے اعزاز میں ‏گراؤنڈ میں تقاریب کے انعقاد اور پھر حال ہی میں کلینڈر ایئر 2020 میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ ‏کرنے والے کھلاڑیوں کو پی سی بی ایوارڈز میں نوازنے کے بعد اب قومی کرکٹ کی نامور شخصیات ‏کی خدمات کو سراہنے کے لیے یہ ایک نیا قدم اٹھایا گیا ہے ۔

ابتدائی طور پر آئی سی سی کرکٹ ہال آف فیم میں شامل چھ اراکین، حنیف محمد، عمران خان، ‏جاوید میانداد، وسیم اکرم، وقار یونس اور ظہیر عباس کو پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بنایا گیا ‏ہے۔

آگے بڑھتے ہوئے ہر سال ( بشمول رواں سال ) مزید تین شخصیات پی سی بی ہال آف فیم میں ‏شامل کی جائیں گی۔ان شخصیات کا انتخاب ایک آزاد پینل کرے گا۔

‏ پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہونے والی نئی شخصیات کا اعلان ہر سال اکتوبر کی 16 تاریخ کو ‏کیا جائے گا، یہ وہی دن ہے جب پاکستان نے سن 1952 میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز کیا ‏تھا۔

بین الاقوامی کرکٹ سے کم از کم پانچ سال قبل ریٹائر ہونے والے کھلاڑی ہی پی سی بی ہال آف فیم ‏میں شمولیت کے اہل ہوں گے۔


متعلقہ خبریں