شہزادہ ہیری اپنے دادا پرنس فلپ کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے لندن پہنچ گئے

 شہزادہ ہیری اپنے دادا پرنس فلپ کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے لندن پہنچ گئے

ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری اپنے دادا اور ڈیوک آف ایڈنبرگ پرنس فلپ کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے ہفتے کو برطانیہ پہنچ گئے۔

اپنی اہلیہ میگھن مارکل کی جانب سے گذشتہ مارچ میں شاہی فرائض سے دستبرداری کے بعد پہلی بار پرنس ہیری نے برطانیہ کا دورہ کیا۔

بی بی سی کے مطابق ہفتے کے روز پرنس ہیری امریکہ کے لاس اینجلس ایئر پورٹ سے لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ پہنچ گئے اور وہ قرنطینہ میں ہیں۔ شہزادہ فلپ 17 اپریل کو اپنے دادا پرنس فلپ کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔

بکنگھم پیلس نے بتایا ہے کہ پرنس ہیری کی اہلیہ حاملہ ہیں اور وہ آخری رسومات میں شرکت نہیں کریں گی۔ ان کے معالج نے انہیں سفر کرنے سے منع کیا ہے، جس کے باعث وہ شہزادہ ہیری کے ساتھ نہیں آئیں اور امریکہ میں ہی مقیم ہیں۔

شہزادہ ہیری اس وقت اپنی اہلیہ میگھن اور بیٹے آرچی کے ساتھ مانٹیکٹو کیلیفورنیا میں مقیم ہیں۔ شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کے بعد گزشتہ سال ہیری امریکہ چلےگئے تھے۔

مزید پڑھیں: پرنس فلپ کی وفات پر توپوں کی سلامی پیش، شاہی محل میں پرچم سر نگوں

خیال رہے کہ ملکہ برطانیہ کے شوہر شہزادہ فلپ 99 سال کی عمر میں 9 اپریل کو انتقال کر گئے۔ شہزادہ فلپ کچھ عرصہ سے بیمار تھے۔

بکنگھم پیلیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکہ برطانیہ نے انتہائی گہرے رنج و غم کے ساتھ  اپنے پیارے خاوند ہز رائل ہائینس ڈیوک آف ایڈنبرا پرنس فلپ کی موت کا اعلان کیا ہے۔

بکنگھم پیلیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ فلپ آج صبح ونڈسر کیسل میں پرسکون طریقے سے انتقال کرگئے۔

مزید پڑھیں: شاہی جوڑے کا معاملہ، ملکہ برطانیہ نے خاموشی توڑ دی

اس سے قبل برطانیہ کے شہزادہ فلپ کو اسپتال میں داخل کردیا گیا تھا۔ 99 سالہ شہزادہ فلپ کو اسپتال میں داخل کرنے کا مشورہ ان کے ڈاکٹروں نے دیا تھا۔

اس وقت بکنگھم پیلس کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ شہزادہ کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی اوروہ بہتر محسوس نہیں کررہے تھے۔

برطانیہ کے 99 سالہ شہزادہ فلپ کو اپنی ذمہ داریوں سے 2017 میں مکمل طورپر سبکدوش کردیا گیا تھا جس کے بعد وہ عوام کے سامنے کبھی کبھار ہی آئے ہیں۔

عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران انہوں نے ملکہ برطانیہ کے ہمراہ مغربی لندن میں قیام کیا تھا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق شہزادہ فلپ نے 1947 میں شہزادی الزبتھ سے شادی کی تھی۔ فلپ اور الزبتھ برطانیہ کی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک ساتھ زندگی گزارنے والا شاہی جوڑا ہے۔

ملکہ الزبتھ اور شہزادہ فلپ کے چار بچے، آٹھ پوتے اور 10 پڑ پوتے اور پوتیاں ہیں۔

شہزادہ فلپ 10 جون 1921 کو پیدا ہوئے تھے۔ شہزادہ فلپ کے 4بچو ں میں تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہے۔ شہزادہ فلپ کے بڑے بیٹے شہزادہ چارلس برطانیہ کے ولی عہد ہیں


متعلقہ خبریں