چیف جسٹس وہ کام کر رہے ہیں جو حکومت کو کرنے چاہئیں، عمران خان


اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ چیف جسٹس وہ کام کر رہے ہیں جو حکومت کو کرنے چاہئیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم چیف جسٹس کو خوش آمدید کہتے ہیں، ان سے غیرجانبدارماہرین کی کمیٹی بنانے کی درخواست کریں گے تاکہ عوام کو علم ہو سکے کہ ہم نے ان کے لئے کیا کچھ کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے سربراہ نے کہا کہ شروع میں جب ہم نے اسپتالوں میں اصلاحات کی کوشش کی تو مسائل کا سامنا کرنا پڑا، ہیلتھ ریفارم ایکٹ لانے کے ساتھ  ساتھ  ڈاکٹروں کے خدشات بھی دور کیے گئے، اس کے بعد صحت کے شعبے میں بہتری آئی۔

انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں آٹھ ہزارڈاکٹرز فرائض انجام دے رہے ہیں جن میں بیرون ملک سے واپس آ کر ذمہ داریاں سنبھالنے والے 30 ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔

اپنے نقادوں کو چیلنج کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے 40 سالوں کے دوران کے پی میں وہ کام نہیں ہوئے جو تحریک انصاف کی حکومت نے صرف پانچ سالوں میں کیے ہیں، ہم اب تک 70 فی صد خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ جاری کر چکے ہیں۔

پی ٹی آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پرانے اسپتالوں کی اصلاح مشکل کام ہے جبکہ نئے اسپتالوں میں پہلے دن سے بہتر نظام نافذ کیا جا سکتا ہے، شوکت خانم کا نظام میرٹ کے مطابق چلتا ہے، اگر کوئی ڈاکٹرکام نہیں کرتا تو اسے نکال دیا جاتا ہے، اس کے برعکس چھ ماہ پہلے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں دل کی سرجری کرنے والے ایک ڈاکٹرکو ہٹایا گیا تو انہوں نے ہائی کورٹ سے حکم امتناعی حاصل کر لیا جو ابھی تک چل رہا ہے۔

انہوں نے ایک اور مثال دیتے ہوئے کہا کہ چیف آف پیڈیا ٹرکس کو نااہلیت کی بنیاد پراسپتال انتظامیہ نے ہٹایا تو وہ بھی عدالت چلے گئے اورچھ ماہ سے حکم امتناعی لے کر کام کر رہے ہیں، سرکاری اسپتالوں میں مسائل کی وجہ ڈسپلن کا نہ ہونا ہے۔

وزیرصحت شہرام ترکئی نے اس موقع پر بتایا کہ کے پی میں 15 نئے اسپتال بن چکے ہیں جبکہ 13 اسپتالوں کی تعمیر مکمل ہونے والی ہے۔


متعلقہ خبریں