کراچی، اسلام آباد، لاہور سمیت دیگر شہروں میں بدترین ٹریفک جام، شہری رل گئے


مذہبی جماعت کی جانب سے احتجاج کے نتیجے میں اسلام  آباد، کراچی، لاہور سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں سڑکیں بند اور بد ترین ٹریفک جام جاری ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ملک کے بڑے شہروں میں انتظامیہ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان قائم رکھنے اور ٹریفک بحال کرنے میں بری طرح ناکام رہے جس کے سبب مظاہرین نے خوب دل کی بھڑاس نکال لی اور جو سامنے آیا اس پہ حملہ کردیا۔

ہم نیوز کے مطابق پنجاب میں مختلف مقامات پر ہنگامہ آرائی کے دوران مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا اور گاڑیاں بھی توڑ دیں۔

ایک مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث پنجاب کے مختلف شہروں بشمول لاہور میں ٹریفک جام ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ڈیرہ غازی خان میں پولیس اہکار بری طرح زخمی ہوگئے اور بہاولنگر میں سات پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ مظاہرین نے گوجرانوالہ اور ساہیوال میں بھی پولیس پر پتھراؤ کیا۔ مظاہرین نے کامونکی میں ڈی ایس پی کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی اور پولیس موبائل بھی توڑ ڈالی۔ مظاہرین نے شہریوں کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔ خانیوال میں مظاہرین کی جانب سے پتھر لگنے سے ایس ایچ او کا سر پھٹ گی۔

مذہبی جماعت کی جانب سے جڑواں شہروں میں احتجاج دوسرے روز بھی جاری ہے۔ اسلام آباد پولیس نے بہارہ کہو میں آپریشن کیا مگر مری جانے والی سڑک نہ کھلوائی جاسکی۔

مظاہرے کے باعث بہاولنگر میں مین ہائی وے روڈ  ماڑی میاں صاحب کے قریب ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے اور دیگر اضلاع کو جانے والی ٹریفک معطل ہے

صادق آباد میں قومی شاہرہ  چوک بہادر پور کے مقام پر بند  ہے، قصور سے دیگر شہروں کو جانے والے راستوں پر ٹریفک نہیں چل رہی۔  اوکاڑہ میں پولیس نے جی ٹی روڈ کو مظاہرین سے کلیر کروا دیا ہے۔  بہاولپور میں پولیس نے  بیس گھنٹے سے بند قومی شاہراہ کھلوا لی ہے۔ ساہیوال میں جی ٹی روڈ مختلف مقامات پر بند ہے۔ دینہ، جہلم اور وزیر آباد میں بھی کئی جگہوں پر آمدورفت معطل ہے۔

لاہور میں احتجاج کے باعث بیس مقامات ٹریفک کیلئے بند ہے جس کے سبب شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔

مزید پڑھیں: احتجاج: وفاقی دارالحکومت کے متعدد راستے بند

لاہور میں کئی مقامات پر سڑکیں بند ہیں۔ ٹریفک کی روانی معطل ہے۔ چونگی امر سدھو، بھٹہ چوک اور یتیم خانہ چوک پر ٹریفک بند ہے۔ شاہدرہ چوک، اسکیم موڑ اور سمن آباد موڑ پر بھی احتجاج جاری ہے ۔ ای ایم ای چوک، شاہکام چوک اور کچا جیل روڈ  بھی ٹریفک کے لیے بند ہیں۔

لاہور کے سولہ اہم مقامات پر پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز بھی تعینات کر دیے گئے، قانون کی خلاف ورزی کرنیوالوں کو فوری گرفتار کیا جائے گا۔۔۔

دوسری جانب وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی سربراہی میں صوبائی سب کیبنٹ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا۔

ذرائع کےمطابق اجلاس میں وزیراعلی سیکرٹریٹ، جی او آر ون، سول سیکرٹریٹ، گورنر ہائوس، پنجاب اسمبلی، آئی جی آفس کے باہر رینجرز اور پولیس تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ قانون ہاتھ میں لینے والے افراد کو فوری گرفتار اور مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا گیا ہے، پنجاب بھر میں پولیس ملازمین اور افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے اٹھال چوک سے مظاہرین کو منتشر کیا لیکن مظاہرین نے دوبارہ جمع ہوکر پتھراؤ شروع کردیا۔

فیض آباد کو ممکنہ احتجاج کے باعث کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے۔ لیاقت باغ اور ترنول میں مظاہرین نے گزشتہ روز سے سڑک بلاک کر رکھی ہے۔ مظاہرین کی جانب سے روات ٹی چوک پر بھی احتجاج جاری ہے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل راستے فراہم کیے گئے ہیں مگر ٹریفک جام نے شہریوں کو شدید مشکلات میں مبتلا کررکھا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق کراچی میں احتجاج کےبعد ٹریفک بحال ہونا شروع ہوگئی ہے جن مقامات پر ٹریفک کی روانی گزشتہ روز معطل رہی اب آہستہ آہستہ بحال ہونا شروع ہوگئی ہے

کراچی میں ٹریفک کی روانی بحال ہوگئی ہے آج صبح سے پبلک ٹرانسپورٹ سمیت مالبردارگاڑیاں اور موٹر سائیکل سوار سڑکوں پر آگئے ہیں۔

کراچی میں ٹاور، صدر، حسن اسکوائر، نیپا پر ٹریفک بحال ہوگیا ہے۔ ملیر جناح اسکوائر سے لیکر شاہراہ فیصل تک ٹریفک رواں دواں ہے۔

کراچی میں یونیورسٹی روڈ سے لیکر صفورا چورنگی  نمائش چورنگی، سہراب گوٹھ، اسٹار گیٹ ، فریسکو چوک جامعہ کلاتھ پر بھی  ٹریفک بحال ہوگیاہے۔ اس کےعلاوہ فرنچ قونصلیٹ  کلفٹن ، گورنر ہائوس ، پریس کلب ، اورنگی پانچ نمبر، ملیر بن  قاسم ٹائون ٹریفک رواں دواں ہے جبکہ کورنگی ڈھائی نمبر،،بلدیہ چارنمبرپرٹریفک کےلیےبندہے

دوسری جانب حکومت کا افراتفری پھیلانے اور قانون توڑنے والوں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید کی زیر صدرات امن وامان کی صورت پر اجلاس میں مذہبی جماعت کے احتجاج کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں راستے کھلوانے کیلئے تمام اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں