کورونا: اسلام آباد کے مزید 7 سب سیکٹرز سیل کر دیے گئے

اسلام آباد میں کورونا کیسز کی شرح 10 فیصد سے بڑھ گئی

فائل فوٹو


کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث اسلام آباد  کے مزید 7 سب سیکٹرز کو سیل کردیا گیا۔ تمام سب سیکٹرز آج رات 12 بجے سے سیل ہوں گے۔

اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سیل کیے جانے والے سب سیکٹرز میں جی 6 ون، جی 6 سیون ٹو، جی 8 ون، جی 9 ٹو، جی 10 فور، اور جی 11 تھری شامل ہیں۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سیل کیے گئے علاقوں میں دکانیں، ریسٹورنٹس اور دفاتر بند رہیں گے۔ سیل کیے گئے سب سیکٹڑز میں تمام عوامی اور مذہبی اجتماعات پر بھی پابندی عائد ہوگی۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سیل کیے گئے تمام سب سیکٹرز اگلے 10 دن تک سیل رہیں گے۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید118اموات اور4 ہزار 318 نئے کیسز سامنےآئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 15 ہزار 619 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 29 ہزار 920 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 76 ہزار 34ہے اور 6 لاکھ 38 ہزار 267 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں7 ہزار 62افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار 530، خیبر پختونخوا 2 ہزار683، اسلام آباد 617، گلگت بلتستان 103، بلوچستان میں 217 اور آزاد کشمیر میں 407 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: چین کی کورونا ویکسین کی افادیت کم ہونے کا انکشاف

این سی او سی کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 66 ہزار983، خیبر پختونخوا1 لاکھ 275، پنجاب 2 لاکھ 52 ہزار974، سندھ 2 لاکھ 69 ہزار474، بلوچستان 20 ہزار397، آزاد کشمیر 14 ہزار687 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 130  افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق کورونا وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے پاکستان کے 26 اضلاع ہائی رسک قرار دیئے گئے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، بہاولپور، منڈی بہاؤالدین، ملتان، اوکاڑہ،  رحیم یار خان، راولپنڈی، گجرات، شیخوپورہ، سرگودھا، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ متاثر، مظفر آباد، میر پور، کوٹلی، پشاور، سوات، نوشہرہ ، دیر لوئر، مالاکنڈ، صوابی، چارسدہ اور ہری پور ہائی رسک اضلاع میں شامل ہیں۔

این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا کی ویکسینیشن جاری ہے اور دوسرے مرحلے میں 60 سال سے بڑی عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں