نوازشریف اپنی پالیسی پر نظرثانی کریں، بلاول بھٹو


منڈی بہاؤالدین: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اداروں سے ٹکراؤ کسی کے مفاد میں نہیں، نوازشریف سے کہوں گا اپنی پالیسی پر نظرثانی کریں کیونکہ ان کے عجیب بیانات ملک کے لیے نقصان دہ ہیں۔

پھالیہ اور گوجرہ میں رکینت سازی مہم کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میاں صاحب صرف پروپیگنڈے کی سیاست میں ماہر ہیں اس لیے ن لیگ کا کوئی سیاست دان جیل میں نہیں رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اقتدار کےلیے سیاست نہیں کرتی، جو اقتدار کا لالچ کرتا ہے وہ ختم ہوجاتا ہے۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ کسان دوست پالیسی دی، پہلے کی طرح اب بھی عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم نے نوجوان نسل کو نفرت کی سیاست نہیں سکھائی اور ہمیشہ مثبت سیاست  کو فروغ  دیا لیکن دوسروں نے نفرت کی سیاست کو پھیلایا جس کے باعث آج ملک اس نہج پر پہنچ چکا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ معاشرے سے اعتدال پسندی ختم ہو رہی ہے اس لیے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے احسن اقبال پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ پر حملے کی تحقیقات ہونی چاہیے، حملہ نفرت کی سیاست کا نتیجہ ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے انتخابات میں سیکیورٹی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ الیکشن میں حفاطتی انتظامات اطمینان بخش ہونے چاہئیں ۔

انہوں  نے دعویٰ کیا کہ انتخابات میں پیپلز پارٹی پورے ملک میں سرپرائز دے گی، عمران خان نے انتخابی عمل میں تاخیر کی خواہش ظاہر کی  ہے لیکن ہمیں اس کی کوئی وجہ دکھائی نہیں دیتی۔

اس موقع پر بلاول بھٹو نے 12 مئی کو کراچی میں پیپلز پارٹی کے جلسے کا اعلان بھی کیا۔


متعلقہ خبریں