فاٹا اصلاحات حکومت کی سیاسی چال اور شعبدہ بازی ہے، شاہ محمود قریشی


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ آپریشن کے بعد حکومت کی جانب سے اصلاحات کرنے اور تحفظ فراہم کیے جانے کی توقع تھی  لیکن حکومت فاٹا کے لوگوں کی بنیادی ضروریات  پورا نہیں کرسکی۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ فاٹا پر حکومت گومگو کی کیفیت کا شکار ہے، فاٹا اصلاحات کے لیے اگست 2016 میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کی  سفارشات تین مارچ 2017  کوکابینہ نے منظور کی تھیں لیکن 14 ماہ گزرنے کے باوجود حکومت ٹس سے مس نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اب جب حکومت کے دن کم رہ گئے ہیں تو انہیں فاٹا اصلاحات یاد آ گئی ہیں، انہیں نظر آرہا ہے کہ الیکشن قریب ہیں اور فاٹا سے ووٹ لینے ہیں، یہ حکومت کی سیاسی چال اور شعبدہ بازی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا واحد حکومت ہے جس نے فاٹا کیلئے اپنا حصہ دینے کی تحریری یقین دہانی کرائی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان گیارہ مئی کو وزیرستان میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے حملوں کو الیکشن کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔


متعلقہ خبریں