ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار


اسلام آباد: ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں رات گئے تیز ہواؤں اور گرج چمک ساتھ بارش ہوئی۔ جس کے بعد ان علاقوں کا موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں آج بھی مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ تیزہواؤں کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔

خطہ پوٹھوہار، گوجرنوالہ، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور اور بھکر میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے جبکہ لیہ، لاہور، فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا اور میا نوالی میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش متوقع ہے۔

بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی آج مطلع ابر آلود رہے گا۔ ژوب، زیارت، کوئٹہ، قلات، نو کنڈی، بارکھان اور خضدار میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا جبکہ سکھر، لا ڑکانہ اور جیکب آباد میں آندھی اور بارش ہو سکتی ہے۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں ژالہ باری اور بارش ہوئی جبکہ مزید بارش کا بھی امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے علاقے چترال، مالاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور اور مردان میں ژالہ باری متوقع ہے جبکہ صوابی، چارسدہ، کرم ایجنسی، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں بارش کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے اور کشمیر میں بھی مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ کشمیر کے چند مقامات پر ژا لہ باری کا بھی امکان ہے۔


متعلقہ خبریں