کورونا سے متاثرہ وکیل کی سپریم کورٹ میں پیشی پر کھلبلی مچ گئی


سپریم میں کورنا سے متاثرہ وکیل کی پیشی کے موقع پر کمرہ عدالت میں کھلبلی مچ گئی۔

چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ملازمت کے حوالے سے ایک مقدمے کی سماعت شروع کی تو وکیل خالد محمود نے بتایا کہ وہ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باوجود عدالت پیش ہوئے ہیں جس پر کمرہ عدالت میں کھلبلی مچ گئی۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو ایسے عدالت نہیں آنا چاہیے تھا۔ آپ کمرہ عدالت سے باہر چلے جائیں۔ عدالت کے حکم پر وکیل کورٹ روم سے باہر چلا گیا۔

مزید پڑھیں: کورونا: سپریم کورٹ میں غیر ضروری افراد کا داخلہ روک دیا گیا

وکیل کی جانب سے رکھی گئی فائل اٹھانے پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہمارا ملازم فائل اٹھا کر لے گیا۔ وکیل کے کمرہ عدالت سے چلے جانے کے بعد روسٹرم اور فائلوں پر اسپرے کیا گیا۔

خیال رہے کہ بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کیسز کے سبب سپریم کورٹ میں غیر ضروری افراد کا داخلہ روک دیا گیا ہے۔عدالت عظمیٰ نے کورونا وائرس کے باعث پبلک نوٹس جاری کردیا ہے۔

نوٹس کے مطابق صرف وہ وکلا اور ایسے افراد عدالت آسکتے ہیں جنہیں طلب کیا گیا ہو۔ مقدمے کے فریقین کے علاوہ غیر ضروری افراد کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں