وفاقی حکومت آئندہ ہفتے تحریک لبیک کے خلاف ریفرنس دائر کرے گی


وفاقی حکومت آئندہ ہفتے سپریم کورٹ تحریک لبیک پاکستان کے خلاف ریفرنس دائر کرے گی۔ 

ہم نیوز کے ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل آفس نے تحریک لبیک پاکستان کے خلاف ریفرنس کی تیاری پر کام شروع کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک لبیک کیخلاف کارروائی ریاست کی رٹ چیلنج کرنے پر کی، وزیر اعظم

اٹارنی جنرل آفس کے ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ تحریک لبیک کے خلاف ریفرنس تیار کرنے میں چند روز لگ جائیں گے، سپریم کورٹ میں حقائق اور قانونی معاملات کو مدنظر رکھ کر جامع ریفرنس دائر کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ دو روز قبل وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دیا تھا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق  انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دیا گیا تھا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ تحریک لبیک کو کالعدم قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ اپنے نظریات مسلط کرنا دین محمدی ﷺ کے پیروکاروں کا شیوہ نہیں۔ ناحق لوگوں کی جانیں لینا کسی طورمناسب نہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ علمائے کرام اپنےخطبات میں دین اسلام کی اصل روح سےعوام کو آگاہ کریں۔ اس سے قبل  کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی منظوری دے دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک لبیک پاکستان کی میڈیاکوریج پر بھی پابندی

ہم نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ سے منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے لی گئی۔ تحریک لبیک پر پابندی انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت لگائی گئی۔

پنجاب حکومت نے تحریک لبیک پر پابندی کی سفارش کی تھی۔ وزارت داخلہ کی سمری پر وفاقی کابینہ نے منظوری دی۔


متعلقہ خبریں