راولپنڈی کے 10مقامات پر 27 اپریل تک اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ


کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے راولپنڈی کے 10 مقامات پر 27 اپریل تک اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں تکبیر لائن، جوڈیشل اپارٹمنٹس، سول لائنز، کشمیر ہاوَس، محلہ گلشن اور سعید چکری روڈ شامل ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق متاثرہ علاقوں میں میڈیکل اسٹورز، آٹا چکی سمیت بیکری  اورجنرل اسٹور کھلے رہیں گے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے 50 سے 59 سال تک کے افراد کی کورونا ویکسی نیشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے بتایا کہ این سی او سی نے 50 سے 59 سال تک کے افراد کی کورونا ویکسی نیشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسد عمر نے تحریر کیا کہ ایک بارپھر لوگوں کوویکسین کیلئےرجسٹریشن کرانی چاہیے، ویکسی نیشن شروع کرنے کا فیصلہ این سی او سی اجلاس میں کیا گیا۔

عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 112 اموات اور 4 ہزار 976 نئےکیسز سامنےآئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کے باعث اسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا، اسد عمر 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 16 ہزار 94 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 50 ہزار 158 ہو گئی ہے۔

ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد79 ہزار 108 ہے اور 6 لاکھ 54 ہزار 956 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں7 ہزار 333 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار 544، خیبر پختونخوا 2 ہزار 832، اسلام آباد 631، گلگت بلتستان 103، بلوچستان میں 223 اور آزاد کشمیر میں 428 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں