توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کیخلاف قرار داد قومی اسمبلی میں پیش


اسلام آباد: فرانسیسی میگزین میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کیخلاف قرار داد قومی اسمبلی میں پیش کردی گئی۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے رکن امجد علی نیازی نے فرانسیسی میگزین کی جانب گستاخانہ خاکے شائع کرنے کے خلاف قرار داد پیش کی۔

قرار داد میں کہا گیا ہے کہ ایوان متنازعہ فرانسیسی میگزین کی جانب سے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کی مذمت کرتا ہے۔ فرانسیسی میگزین کی جانب سے پہلی بار 2015 میں گستاخانہ خاکے شائع کئے گئے۔ خاکے شائع کرنے پر پوری دنیا کے مسلمانوں کی طرف سے شدید غم وغصے کے اظہار کیا گیا۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایک بار پھر عالمی سطح پر مذہبی ہم آہنگی اور امن کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ تمام یورپی ممالک بالعموم اور فرانس بلخصوص کو معاملے کی سنگینی سے آگاہ کیا جائے۔ تمام مسلم ممالک سے معاملے پر سیر حاصل بات کی جائے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ تمام مسلمان ممالک کو شامل کرتے ہوئے اس مسئلے کو بین الاقوامی فورمز پر اٹھایا جائے۔ پارلیمان کی خصوصی کمیٹی اس قرارداد پر بحث کرکے اسے ایوان میں پش کرے۔

قرار داد میں کہا گیا ہے کہ فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کے معاملے پر بحث کی جائے۔ یورپی ممالک اورفرانس کو معاملےکی سنگینی سے آگاہ کیا جائے۔ معاملے کو اجتماعی طورپرعالمی فورمز پراٹھایا جائے۔

اجلاس کے دوران قرار داد کا متن پڑھ کر سناتے ہوئے امجد علی نیازی کا کہنا تھا کہ فرانسیسی صدر نے آزادی اظہار رائے کا سہارا لے کر ایسے افراد کی حوصلہ افزائی انتہائی افسوسناک ہے۔

قرارداد سے متعلق ایوان نے خصوصی کمیٹی بنانے کی تحریک منظور کر لی تو اس پر اپوزیشن نے احتجاج کیا اور شکایت کی کہ اپوزیشن ارکان کو قرارداد کی کاپیاں فراہم نہیں کی گئیں۔

پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی کے اس اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ن لیگ کے ارکان اسمبلی میں موجود ہیں۔  مسلم لیگ ن کے 34 اراکین ایوان میں موجود ہیں۔ جے یو آئی ف کے 7 اور جماعت اسلامی کا ایک رکن ایوان میں موجود ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے یہ ایوان فرانسیسی میگزین میں چھپنے والے گستاخانہ خاکوں کی بھر پور مذمت کرتا ہے۔ پوری مسلم دنیا کی جانب سے اس پر غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس معاملے پر اسپیشل کمیٹی کی کوئی ضرورت نہیں ہے، تحفظ ناموس رسالت ﷺ پر پورا پاکستان یک زبان ہے۔ قرار دادمتفقہ ہونی چاہیے۔

مزید پڑھیں: گستاخانہ خاکے: مظاہرین کی فرانسیسی سفارتخانے جانے کی کوشش، پولیس کی شیلنگ

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت کو اجلاس بلوانے سے پہلے اپوزیشن سے بات کرنی چاہئے تھی۔ ایوان میں معاملے کو متنازع بنایا جارہا ہے۔ ہم چاہتے ہیں متفقہ قرارداد منظور کی جائے۔ اس قرارداد کیلئے پور ے ہاوَس پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں قرارداد پڑھنے کیلئے ایک گھنٹہ دیا جائے۔ ہم چاہتے ہیں متفقہ قرارداد منظور کی جائے۔ قرار داد کا جائزہ لے کر پھر واپس آئیں گے۔ آپ نے ایوان کو مفلوج کر کے رکھ دیا  اکھاڑا بنا دیا ہے۔ پورےایوان کی کمیٹی ہو، خصوصی کمیٹی کی ضرورت نہیں۔ ایوان میں سیرحاصل بحث ہوگی، پوراایوان تحفظ ناموس رسالت پرمتفق ہوگا۔

اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما اسعد محمود نے کہا کہ ایک تنظیم کے احتجاج سے پورے ملک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات ہمارے لیے حیران کن ہے کہ حکومت نے ٹی ایل پی کے ساتھ معاہدے کیے۔ ختم نبوتﷺ کسی این تنظیم کا نہیں تمام امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔ ٹی ایل پی کے ساتھ ہونے والے ظلم اور زیادتی کی مذمت کرتے ہیں۔

اسعد محمود نے سوال کیا کہ ٹی پی ایل کے ساتھ معاہدے اور مذاکرات کس نے کیے؟ ٹی ایل پی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کو ایوان میں پیش کرتے۔ میڈیا پر پابندی لگائی گئی اور لاہور واقعہ نہیں دکھایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ قرارداد کے متن کا دوسرا حصہ ناکافی ہے، اس پر تجاویز دینا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم کے قوم سے خطاب نے جلتی پر تیل کا کام کیا۔ ہمارا مطالبہ تھا معاہدوں کو ایوان میں پیش کیا جائے۔ اگر قرارداد پر اپوزیشن کو دوررکھا گیا تو ایوان نہیں چلانے دوں گا۔

ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر برائے مذہبی امور نوالحق قادری نے کہا کہ ہم نے کالعدم ٹی ایل پی کا موقف بار بار سنا۔ ہم چاہتے تھے کہ معاملے کو ایوان میں حل کریں۔ نبی ﷺکی محبت اپنی جان سےبڑھ کرہے۔ ہمارے طریقہ کار پر اختلاف ہوسکتا ہے لیکن منزل پر نہیں۔ ختم نبوت ﷺ کا سب سے بڑا محافظ آئین اور پارلیمنٹ ہے۔

نورالحق قادری نے کہا کہ وزیراعظم نے دنیا میں عالم اسلام کا مقدمہ لڑا۔ وزیراعظم نے اوآئی سی اور جنرل اسمبلی میں معاملہ اٹھایا۔ جو تعلق عمران خان کا نبی ﷺ سے ہے وہ کسی مولوی یا پیر کا نہیں۔ حضورﷺ کی ناموس کیلئے مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: سربراہ کالعدم تنظیم تحریک لبیک سعد رضوی کی جائیداد منجمد

انہوں نے کہا کہ فیض آبادمیں نہتے لوگوں پرگولیاں برسائی گئی تھیں۔ حالات کی ستم ظریفی آج یہ لوگ نعرے لگانے پر مجبور ہوئے۔ مدینہ کوئی اور ننگے پاوَں نہیں گیا عمران خا ن گیا تھا۔

اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے ن لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں بھی اپنے پیارے نبی ﷺ سے تعلق پر فخر ہے۔ آپ ناموس رسالت ﷺ پر سیاست کررہے ہیں۔ ہر مسلمان ناموس رسالتﷺ کیلئے کٹ مرنے کو تیار ہے۔ کسی کوحق حاصل نہیں کسی کےایمان کا سرٹیفکیٹ جاری کرے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہم انتہائی حساس معاملے پر اکٹھے ہوئے ہیں۔ حکومت ناموس رسالت ﷺ پر سیاست کرتی ہے۔ حضورﷺ سے محبت کی وجہ سےگولی سے محفوظ رہا۔
وزیر مذہبی امورجو بات کر رہے ہیں یہ وہی بیانیہ ہے جس پر میں نےگولی کھائی۔

احسن اقبال نے کہا کہ یہ قرارداد وزیراعظم کوپیش کرنی چاہیے تھی۔ وزیر داخلہ،وزیر مذہبی امور سمیت دیگر وزرا موجود ہیں مگر کسی وزیر نے قرارداد پیش نہیں کی۔ آج وزیراعظم اپنی کرسی پر بیٹھے ہوتے اور  قرارداد خود پیش کرتے۔ قراردادپرائیوٹ ممبرکے ذریعے پیش کی گئی۔ اراکین اسمبلی جانتےہیں پرائیوٹ ممبر کی قرارداد نان آفیشل بزنس ہوتا ہے۔

اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ ختم نبوتﷺ اور ناموس رسالتﷺ جتنا میرے ایمان کا حصہ ہے اتنا ہی احسن اقبال کا بھی ہے۔ہم سب چاہتے ہیں دنیا میں کوئی بھی ہمارے نبی ﷺ کی شان میں گستاخی نہ کرے۔ اس معاملے کا جو بھی حل نکلے اس کا ہر اول دستہ بھی پاکستان ہوگا۔

اسد عمر نے کہا کہ حرمت رسول ﷺ کیلئے سب کا کٹ مرنے کا جذبہ ہی ایمان ہے۔ ناموس رسالتﷺ پر پہلے بھی پاکستان سے ہمیشہ مضبوط آواز گئی ہے۔ اب پھر پاکستان سے ہی عالم اسلام سے سب سے مضبوط آواز جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یقین ہے ناموس رسالتﷺ کا عالمی سطح پر جو حل نکلے گا اس پر پاکستان ہی عالم اسلام کی رہنمائی کریگا۔

اسد عمر کی تقریر کے دوران اسپیکر اسمبلی نے قرارداد پر مشاورت کے لیے جمعہ تک اجلاس ملتوی کردیا کردیا۔

اس سے قبل وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومت اورکالعدم تحریک لبیک پاکستان کے معاملات درمیان طے پا گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ قومی اسمبلی میں آج  فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد پیش کی جائے گی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کالعدم تحریک لبیک مسجد رحمت اللعالمین سمیت ملک بھر سے دھرنا ختم کرے گی۔

مقدمات ختم کیے جائیں گے اورجن کے نام شیڈول فور میں ہیں انہیں نکالا جائے گا۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ تفصیلی بیان آج شام یا کل دوپہر پریس کانفرنس میں دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کالعدم ٹی ایل پی نے11یرغمالی پولیس اہلکار چھوڑ دیے

گزشتہ روز کالعدم تحریک لبیک پاکستان(ٹی ایل پی) نے یرغمال بنائے گئے11 پولیس اہلکاروں کو چھوڑا تھا۔  ٹی ایل پی والے مسجد رحمتہ اللعالمین چلے گئے تھے اور پولیس بھی پیچھے ہٹ گئی تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی کل قوم سے خطاب کیا تھا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں تمام مسلم ممالک کے ساتھ سے مل کر گستاخی کیخلاف دنیا بھر میں مہم چلانے کا اعلان کیا۔

عمران خان نے کہا کہ یورپی یونین اور اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر مہم چلانا ہو گی، ذمہ داری لیتا ہوں مہم کو لیڈ کروں گا، تمام اسلامی ممالک مل کر گستاخی کرنے والے ممالک کا تجارتی بائیکاٹ کریں گے تو فرق پڑے گا، صرف پاکستان نہیں تمام مسلمان ممالک کو متفقہ مؤقف اپنانا ہو گا۔

 

 

 

 


متعلقہ خبریں