وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کا 13 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کو مذہبی جماعت سے ہونے والے مذاکرات پر اعتماد میں لیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ کرتارپور راہداری منصوبے کو پیپرا رولز سے استثنیٰ دینے کی منظوری دے گی۔اشیائے خورونوش کی طلب و رسد کے ریکارڈ کے لیے ڈیٹا بیس کے قیام کی منظوری بھی متوقع ہے۔

یواین آرمرڈ گاڑیوں کو کراچی سے کابل لے جانے کی اجازت کی سمری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ معاون خصوصی برائے توانائی گردشی قرضے کے خاتمے کا پلان کابینہ اجلاس میں پیش کریں گے۔

ڈاکٹر عشرت حسین پی آئی اے کی ری اسٹرکچرنگ پر کابینہ کو بریفنگ دیں گے۔ فیڈرل میڈیکل ٹیچنگ آرڈیننس کے تحت بورڈ آف گورنرز کی تعیناتی کی منظوری بھی متوقع ہے۔

اسٹرٹیجک ایکسپورٹ کنٹرول ڈویژن کے اختیارات منتقل کرنے کی سمری پر بھی غورہوگا۔ جوائنٹ انوسٹمنٹ کمپنیز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی کی منظوری کا امکان ہے۔

کابینہ نیشنل انشورنس کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کی منظوری دے گی۔ نوشہرہ میں ریلوے کی زمین پر کثیرالمنزلہ عمارت کی تعمیر کا معاملہ ایجنڈا کا حصہ ہے۔

کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات، ا سٹیٹ اون انٹرپرائزز اجلاس کے فیصلوں کی توثیق اور کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 7 اپریل کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی متوقع ہے۔

متعلقہ خبریں

ٹاپ اسٹوریز