شاہ محمود قریشی ایران روانہ


وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی متحدہ عرب امارات کا 3 روزہ دورہ مکمل کرنے بعد ایران روانہ ہوگئے ہیں۔

راونگی سے قبل انہوں نے کہا کہ ایرانی قیادت کے ساتھ خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کا موقع ملے گا۔ افغان امن عمل میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد مشاورت کے بعد حکمت عملی میں یکسوئی پیدا کرنا ہے۔ مسئلہ کشمیر پر واضح بیان دینے پر ایرانی لیڈرشپ کا مشکورہوں۔

وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے امکانات پر بھی بات ہوگی۔ باڈر مارکیٹوں کے قیام کی پاکستان کی تجویز کو ایران نے پسند کیا ہے۔

شاہ محمود نے کہا بارڈر مارکیٹوں کے قیام کےحوالے سے بھی تبادلہ خیال ہو گا۔ ایران صرف پاکستان کا ہمسایہ ملک ہی نہیں بلکہ آزمایا ہوا دوست ہے۔

ایران میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات کریں گے اور ان سے مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں وقوع پذیر صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔

دوطرفہ بات چیت کے دوران میں وزرائے خارجہ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے مقصد سے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیں گے۔ دونوں فریق علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔

دفترخارجہ نے بیان جاری کیا ہے کہ شاہ محمود قریشی ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف کی دعوت پر ایران کا دورہ کررہے ہیں۔

ملاقات میں افغان امن عمل اور جموں و کشمیر تنازعہ کی تازہ ترین پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

وزیر خارجہ صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور اسپیکر پارلیمنٹ سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیر خارجہ مشہد شہر کا بھی دورہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کی معاونت کی ہے، کوشش ہو گی اپنے دو طرفہ تعلقات کو پہلے سے زیادہ مضبوط اور مستحکم بنائیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل شاہ محمود قریشی متحدہ عرب امارات پہنچے تھے، جہاں انہوں نے اماراتی ہم منصب اور اعلیٰ اماراتی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔


متعلقہ خبریں