عمران خان اپنا پھیلایا ہوا گند خود صاف کریں، پارلیمنٹ کے پیچھے نہ چھپیں، بلاول

پی ٹی آئی حکومت کی سپریم کورٹ کے جج کو خوف زدہ کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی،بلاول

چیئرمین پاکسان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کالعدم تحریک لبیک پاکستان سے کیا گیا معاہدہ پارلیمنٹ میں نہیں لایا گیا۔

اپنے ایک بیان میں چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت نے گلیوں میں جاری پرُتشدد احتجاج کے خلاف کارروائی کی، لوگ مارے گئے  اور 500 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ٹی ایل پی پر پابندی لگائی گئی اورانٹر نیٹ بند کیا گیا۔ وزیراعظم نے صورتحال پر پارلیمان کو اعتماد میں نہیں لیا۔ اب پی ٹی آ ئی قومی اسمبلی کے پیچھے چھپ رہی ہے۔ وزیراعظم یہ آپ کا کیادھرا ہے، خود نمٹیں یا گھر جائیں۔

دریں اثنا پیپلز پارٹی نے آج ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے اراکین اسمبلی کو اجلاس میں شرکت سے روک دیا گیا۔ پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ عجلت میں اجلاس بلانا غیر مناسب ہے۔

دوسری جانب وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حکومت اورکالعدم تحریک لبیک پاکستان کے معاملات درمیان طے پا گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ قومی اسمبلی میں آج  فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد پیش کی جائے گی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کالعدم تحریک لبیک مسجد رحمت اللعالمین سمیت ملک بھر سے دھرنا ختم کرے گی۔

مقدمات ختم کیے جائیں گے اورجن کے نام شیڈول فور میں ہیں انہیں نکالا جائے گا۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ تفصیلی بیان آج شام یا کل دوپہر پریس کانفرنس میں دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کالعدم ٹی ایل پی نے11یرغمالی پولیس اہلکار چھوڑ دیے

گزشتہ روز کالعدم تحریک لبیک پاکستان(ٹی ایل پی) نے یرغمال بنائے گئے11 پولیس اہلکاروں کو چھوڑا تھا۔  ٹی ایل پی والے مسجد رحمتہ اللعالمین چلے گئے تھے اور پولیس بھی پیچھے ہٹ گئی تھی۔


متعلقہ خبریں