ایران نے پاکستانی کینو پر عائد درآمدی پابندی ختم کردی، شاہ محمود

فلسطین میں لگی آگ پورے مشرق وسطیٰ کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے، شاہ محمود قریشی

فوٹو/فائل


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایران نے 2012 سے  پاکستانی کینو پر عائد درآمدی پابندی کو ختم کر دیا ہے۔

ایران کے دارالحکومت تہران میں پاکستان ہاوَس آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان اور ایران کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے استحکام کا مظہر ہے۔ یہ فیصلہ کینو کی کاشت اور کاروبار سے وابستہ پاکستانی تاجروں کیلئے ایک انتہائی خوش آئند بات ہے۔

وزیر خارجہ  نے ایران میں تعینات پاکستانی سفارتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان یکساں مذہبی اقدار پر استوار اور دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے دورے کا مقصد پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مستحکم بنانا ہے۔ پاکستان اور ایران کے درمیان دو طرفہ تجارت کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستان کی اقتصادی ترقی کیلئے کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔

مزید پڑھیں: پاکستان، چین، روس اور ایران کا افغانستان میں قیام امن سے متعلق ورچوئل اجلاس

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خوشی ہے ایران نے، پاک ایران مشرکہ بارڈر پر تجارتی مراکز کھولنے کی تجویز کو سراہا ہے۔

شاہ محمود قریشی متحدہ عرب امارات کا 3 روزہ دورہ مکمل کرنے بعد ایران پہنچ گئے ہیں۔

تہران رونگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایرانی قیادت کے ساتھ خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کا موقع ملے گا۔ افغان امن عمل میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ ہمارا مقصد مشاورت کے بعدحکمت عملی میں یکسوئی پیدا کرنا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر واضح بیان دینے پر ایرانی لیڈرشپ کا مشکور ہوں۔ دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے امکانات پر بھی بات ہوگی۔ باڈر مارکیٹوں کے قیام کی پاکستان کی تجویز ایران نے پسند کیا ہے۔ بارڈر مارکیٹوں کے قیام کےحوالے سے بھی تبادلہ خیال ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران صرف پاکستان کا ہمسایہ ملک نہیں بلکہ آزمایا ہوا دوست ہے۔ ہم نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کی معاونت کی ہے۔ کوشش ہو گی اپنے دو طرفہ تعلقات کو پہلے سے زیادہ مضبوط اور مستحکم بنائیں۔

ہم نیوز کے مطابق دورہ ایران کے دوران وزیر خارجہ ایران کے صدر حسن روحانی اور وزیر خارجہ محمد جواد ظریف سمیت دیگر اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔


متعلقہ خبریں