کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے 669 افراد کو رہا کردیا گیا، شیخ رشید


وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک لبیک کے 733 گرفتار کارکنان میں سے669  افراد کو رہا کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے  گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) کے تحت گرفتار افراد کو رہا نہیں کریں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی کیس سمیت 210 ایف آئی آر قانونی عمل سے گزریں گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ ٹی ایل پی کالعدم قراردینے کےخلاف 30 دن میں اپیل کرسکتی ہے، جو شخص قانون کو ہاتھ میں لے گا قانون اسے ہاتھ میں لے گا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس کو بریفنگ: کالعدم ٹی ایل پی پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ  برطانوی ہائی کمشنر سے کہا ہے کہ برطانیہ سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے تاحیات سپریم لیڈر نوازشریف کو ڈی پورٹ کرے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کو بتایا گیا تھا کہ کالعدم تحریک لبیک پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا۔ ٹی ایل پی کارکنان پر قتل کے مقدمات واپس نہیں لیے جا رہے۔


متعلقہ خبریں