نیب صدر دفتر سے اہم شواہد غائب کر نے کی سازش بے نقاب


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے صدر دفتر سے اہم مقدمات کے شواہد غائب کرنے کی سازش اس وقت پکڑی گئی جب اہم دستاویزات دفتر سے باہر لے جانے کی کوشش کی جار رہی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق نیب صدر دفاتر سے اہم مقدمات کے شواہد باہر لے جانے کی کوشش کی جا رہی تھی کہ اس دوران ڈیوٹی پر موجود محافظ عابد حسین  نے فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے ناکام بنا دیا۔

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے پر محافظ کو سراہتے ہوئے انعا م اور سر ٹیفیکیٹ سے نوازا۔ ان کا کہنا تھا کہ محافظ نے نیب صدر دفتر سے انتہائی حساس اور اہم نوعیت کے سرکاری کاغذات غیرذمہ دار ہاتھوں میں جانے سے بچائے ہیں۔

احتساب بیورو سے وابستہ ذرائع کا کہنا ہے کہ حساس دستاویزات باہر لے جانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

ابتدائی اطلاعات میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دستاویزات غائب کرنے میں صدر دفتر کے اہم افسران ملوث ہیں۔ نیب کی جانب سے کاغذات کی نوعیت کے متعلق کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں