ٹھنڈی ہوا اسلام آباد سے چلی ہے، بہت جلد وزیراعظم سے ملاقات ہوجائے گی، جہانگیر ترین

ٹھنڈی ہوا اسلام آباد سے چلی ہے، بہت جلد وزیراعظم سے ملاقات ہوجائے گی، جہانگیر ترین

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین ایک دن پہلے اسلام آباد سے کچھ لوگوں نے رابطہ کیا ہے اور یقین دہانی  کرائی گئی کہ جلد ہی ہماری وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوجائے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ٹھنڈی ہوا اسلام آباد سے چلی ہے تو مطمئن ہوئے ہیں۔ عمران خان سے دیرینہ تعلق ہے اور ہم نے مشترکہ جدوجہد کی ہے۔

ساتھ ہی جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی کے 40 ارکان کی حمایت کا دعوی بھی کیا اور کہا کہ گزشتہ روز میری طرف سے اراکین کے لیے افطار پارٹی تھی۔

دوسری جانب سیشن کورٹ لاہور  نے شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کے کیس میں جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں تین مئی تک توسیع کر دی ہے۔

عدالت میں جہانگیر ترین کے وکیل نے موقف اپنایا کہ جہانگیر اور علی ترین شامل تفتش ہو رہے ہیں، ہم تفتش میں مکمل تعاون کررہے ہیں، امید ہے جو الزامات ہیں اس میں سرخرو ہونگے۔

مزید پڑھیں: تحفظات صرف وزیراعظم کو بتائیں گے، جہانگیر ترین کا حکومتی کمیٹی سے ملاقات سے انکار

جہانگیر ترین کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دونوں مقدمات میں تمام تر الزامات کا ریکارڈ فراہم کر رہے ہیں، امید ہے آنے والے دنوں میں ایف آئی اے اپنے موقف سے پیچھے ہٹ جائے گا۔

ایف آئی اے کے تفتشی افسر نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام الزامات پر تفتش کر رہے ہیں، ملزمان کا نامکمل ریکارڈ کمرہ عدالت میں موجود ہے۔

عدالت نے ایف آئی اے کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد دوبارہ فائل تفتشی کے حوالے کر دی۔ فاضل جج نے حکم دیا کہ انکوائری کی مکمل رپورٹ کو بھی پیش کیا جائے۔

ایف آئی اے کے تفتشی نے کہا کہ انکوئری رپورٹ خفیہ ہوتی ہے۔ فاضل جج نے کہا کہ ملزمان کی آئندہ سماعت پر انکوائری رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔


متعلقہ خبریں