کورونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر شہروں میں فوج طلب کی گئی ،فواد چودھری

فائل فوٹو


وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کورونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر شہروں میں فوج طلب کر لی گئی ہے جو ایس اوپیز پرعمل کرائے گی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے بتایا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر عمومی معمولات متاثر ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم آکسیجن کے استعمال کی 90 فیصد صلاحیت پر پہنچ گئے ہیں، لاہور کورونا سے بدترین متاثر ہے ،احتیاط کریں اور کوئی اورچارہ نہیں۔

خیال رہے کہ ملک میں بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب حکومت نے  پابندیاں مزید سخت کر دیں اور عید تک آؤٹ ڈور ڈائننگ پر  پابندی لگادی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے سربراہ اسد عمر نے وزیراعظم کے ہمراہ براہ راست قوم سے خطاب میں کہا کہ ملک بھر میں بازار صرف شام 6 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ دفاتر میں 50 فیصد عملے کی حاضری کے فیصلے پر  عمل کیا جائے گا۔ دفتر میں 50 فیصد سے زیادہ لوگوں کو نہ بلایا جائے، دفتری اوقات  دوپہر 2 بجے تک ہوں گے۔

اسد عمر نے کہا ملک بھر کے تمام جم بھی بند کر دیئے گئے۔ بیرون ملک سے آنے والوں کو قرنطینہ کرنا ہو گا۔ بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے قرنطینہ اور انتظامات کیے جارہے ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کیلئے فوج کی مدد لینے کا فیصلہ

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ  ہو سکتا ہے ایسی صورتحال پیدا ہو کہ شہروں میں لاک ڈاؤن کرنا پڑے۔ آئندہ چنددنوں میں صوبوں کے ساتھ ملکر حکمت عملی بنائیں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ ملک میں پیدا ہونے والی آکسیجن 80 فیصد کورونا مریضوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔ وفاقی حکومت نے تمام شہروں میں جم پر مکمل پابندی عائد کردی۔

اس موقع پر معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے ملک بھر کے اسپتالوں پر دباوَ ہے۔


متعلقہ خبریں