کچھ تو شرم کرو! نواز الدین صدیقی ساتھی اداکاروں پر بھڑک اٹھے


بالی ووڈ کے معروف ورسٹائل اداکار نواز الدین صدیقی عالمی وبا کورونا وائرس کے دنوں میں چھٹیاں گزارنے گئے ساتھی اداکاروں پر بھڑک اٹھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نوازالدین صدیق نے ایک انٹرویو میں شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا سے بھارت میں لوگوں کا برا حال ہو چکا ہے ایسے میں یہ اداکار مالدیپ میں چھٹیوں گزارنے کی تصاویر شیئر کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے فنکاروں کو شرم آنی چاہیئے، لوگوں کے پاس کھانا نہیں ہے اور آپ پیسے پھینک رہے ہو۔

کورونا کے وار: امیر بھارتیوں نے ملک سے بھاگنا شروع کردیا

ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے مالدیپ میں تماشا بنا رکھا ہے۔ مجھے نہیں معلوم ان لوگوں نے سیاحتی انڈسٹری کے ساتھ کیسے انتظامات کئے ہیں لیکن انسانیت کی خاطر اپنی چھٹیوں کی تصاویر اپنے تک ہی رکھیں۔

نواز الدین صدیقی نے کہا کہ یہاں لوگ بری طرح متاثر ہو چکے ہیں، دن بدن کورونا کے کیسز میں کئی گنا اضافہ ہوتا جا رہا، اس طرح کر کے ان لوگوں پر طنز مت کریں۔

خیال رہے کہ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس میں خطرناک اضافے کے بعد بھارتیوں کی بڑی تعداد میں ملک سے باہر نکلنے کی دوڑ شروع ہو گئی ہے۔

کراچی: عوام نے کورونا ایس او پیز کو ہی قرنطینہ کرادیا؟

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس دوڑ میں چونکہ امیر افراد شامل ہیں اس لیے جہاں ایک جانب فضائی کرایوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے تو وہیں دوسری جانب پرائیوٹ جہازوں کے کرایوں میں بھی ہوشربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات نے بھارت سے آنے والی پروازوں پر پابندی کا اعلان کیا ہے جس کا اطلاق 25 اپریل سے ہوگا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے لیے انڈین پروازوں پر پابندی کے اطلاق سے قبل کورونا سے خوفزدہ بھارتی شہری ملک سے نکلنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

بھارت میں کورونا وائرس کی صورتحال بے قابو ہونے کے بعد ملک سے امارات جانے والی پروازوں پر اتوار کے روز سے پابندی عائد کر دی جائے گی۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کو ممبئی سے دبئی جانے والی پروازوں کا یک طرفہ کرایہ ایک ہزار ڈالر تک پہنچ گیا ہے جو عام قیمت سے دس گنا زائد ہے جب کہ دہلی سے دبئی جانے والی پرواز کا کرایہ 50 ہزار بھارتی روپوں سے زیادہ ہے جو عام قیمت سے پانچ گنا ہے۔

کورونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر شہروں میں فوج طلب کی گئی ،فواد چودھری

عالمی ایجنسی کے مطابق اتوار کے لیے کوئی ایئر لائن ٹکٹ فراہم نہیں کر رہی ہے۔ اس دن سے فلائٹ آپریشن دس دن کے لیے معطل کر دیے جائیں گے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس صورتحال میں پرائیویٹ جیٹ میں لوگوں کی دلچسپی حد سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔

ایئر چارٹر سروس انڈیا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کی چارٹر سروس کی سنیچر کو 12 پروازیں دبئی جا رہی ہیں جس میں تمام سیٹیں بک ہوئی ہیں۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک اور چارٹر کمپنی اینتھرال ایوی ایشن کے ترجمان نے بتایا ہے کہ طلب کو پوار کرنے کے لیے مزید جہازوں کی درخواست کی گئی ہے۔

دنیا میں کورونا کیسز کی تعداد14کروڑ53ہزار سے بڑھ گئی

ترجمان کے مطابق ممبئی سے دبئی جانے کے لیے 13 سیٹوں پر مشتمل جیٹ کی قیمت 38 ہزار ڈالر ہے جب کہ چھ سیٹوں پر مشتمل جہاز کا کرایہ 31 ہزار ڈالر ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق عام دنوں میں بھارت سے متحدہ عرب امارات کے لیے 300 کمرشل پروازیں ہفتہ وار چلائی جاتی ہیں۔

عرب امارات میں تقریباً 30 لاکھ سے زیادہ بھارتی رہتے ہیں جو وہاں کی آبادی کا ایک تہائی حصہ ہیں اور ان میں سے اکثر دبئی میں رہائش پذیر ہیں۔


متعلقہ خبریں