سرکاری اسپتالوں میں مہنگے علاج کے علاوہ کیا تبدیلی آئی؟ بلاول بھٹو


کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سرکاری اسپتالوں کے مہنگے علاج کے علاوہ اور کیا تبدیلی آئی ؟

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف مہم کا جھانسہ دے کرعوام کو چینی کے لیے لمبی قطار میں کھڑا کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے حکمران اپنے عوام کے فائدے سوچتے ہیں لیکن ہمارے وزیر اعظم عمران خان چندہ لینے کی نئی ترکیبوں پر غور کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے عید کے لیے نئے کپڑے بنانا بھی ایک گھرانے کے لیے آسان نہیں۔ عمران خان مہنگائی پر قابو نہ پانے کی ذمہ داری لیں اور استعفیٰ دے کر گھر جائیں۔

انہوں نے کہا کہ 8 سالوں میں خیبر پختونخوا میں سرکاری اسپتالوں کے مہنگے علاج کے علاوہ اور کیا تبدیلی آئی؟ وزیر اعظم صاحب، لنگر خانے کھولنے سےغربت ختم نہیں ہو گی آپ کو کچھ کر کے دکھانا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا ویکسین کا سب سے بڑا اسٹاک سندھ کو دیا گیا، یاسمین راشد

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے حکم پر ٹیکسوں کا بوجھ لادنے والے سلیکٹڈ وزیر اعظم کے جرائم کوعوام معاف نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب حکمران خود چور ہوتا ہے تو ملک میں مافیا بے لگام ہو کر ہر چیز مہنگی کر دیتا ہے۔ عمران خان کی تبدیلی یہ ہے کہ اپنے دوستوں کو ٹیکسوں میں چھوٹ دے کرعام آدمی کو مہنگائی کے شکنجے میں کس دیا جائے۔


متعلقہ خبریں