کورونا ویکسین: 40 سال سے زائد افراد کی رجسٹریشن شروع


اسلام آباد: کورونا ویکسین کے لیے 40 سال سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن آج سے شروع کر دی گئی۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا۔ اس موقع پر اسد عمر نے کہا کہ کورونا ویکسین کے لیے منگل سے 40 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کی رجسٹریشن شروع کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 50 سے 60 سال کی عمر کے رجسٹرڈ افراد کو واک ان ویکسی نیشن کی اجازت دے دی گئی ہے اورا اگر آپ کی عمر 40 سال یا اس سے زائد ہے تو ویکسینیشن کے لیے رجسٹریشن کروائیں۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے جن اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے ان کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ ان اسپتالوں میں گنجائش مزید زیادہ کی جائے گی اور روزانہ کی بنیاد پر وینٹی لیٹرز، آکسیجن سپلائی اور دیگر سہولیات کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مردان میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت 30 لاکھ کورونا ویکسین ڈوزز وصول کر چکی ہے اور جلد ہی مزید 20 لاکھ ڈوزز پہنچ جائیں گی جبکہ پرائیویٹ سیکٹرز بھی اب تک 60 ہزار ڈوزز درآمد کر چکے ہیں۔ پاکستان پہلا ملک ہے جس نے پرائیویٹ سیکٹر کو ویکسین درآمد کرنے اور فروخت کرنے کی اجازت دی ہے۔


متعلقہ خبریں