جنوبی پنجاب صوبہ محاذ نے پی ٹی آئی میں انضمام کا فیصلہ کرلیا


لاہور: پاکستان تحریک انصاف اور جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے درمیان مذاکرات کی کامیابی سے چیئرمین عمران خان نے سیاست میں ایک اور ’چھکا‘ ماردیا ہے۔ پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان فواد چودھری نے مذاکرات کی کامیابی کی تصدیق کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے رہنما بدھ کے دن پی ٹی آئی میں انضمام کا اعلان کریں گے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان فواد چودھری کے مطابق جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے 15 سے زائد مستعفی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کپتان کے ساتھ کھڑے ہونے کو تیار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کامیاب مذاکرات کی تفصیلات اسلام آباد میں کل جاری کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کی قیادت چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد اسلام آباد ہی میں اپنے فیصلے کا اعلان کرے گی۔

ذرائع کے مطابق سابق نگران وزیراعظم میر بلخ شیر مزاری، سابق وفاقی وزیر مملکت خسرو بختیار اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی اورمحاذ کے دیگر رہنما بھی موجود ہوں گے۔

پاکستان تحریک انصاف اور جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے درمیان ہونے والے کامیاب مذاکرات کی تفصیلات بھی ذرائع ابلاغ کو فراہم کی جائیں گی۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ  کے اراکین نے پہلے آزاد حیثیت میں انتخابی عمل کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اب وہ پاکستان تحریک انصاف کے انتخابی نشان ’بلے‘ پر انتخاب میں حصہ لیں گے۔


متعلقہ خبریں