فواد چودھری کا ملک کی پہلی میڈیا یونیورسٹی کے قیام کا اعلان

فوٹو: فائل


وفاقی حکومت نے پاکستان میں پہلی میڈیا یونیورسٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے اسلام آباد میں پاک چائینہ سینٹر میں موجود 8 سال سے بند عمارت کھلوالی اور اس عمارت میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان کیا۔

فواد چودھری نے کہا کہ بلڈنگ میں تعمیر کیا گیا 5 اسٹار ہوٹل بھی استعمال میں لایا جائے گا۔ انہوں نے 52 کمروں پر مشتمل بند ہوٹل کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر دینے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ حیران ہوں کہ اتنی شاندار عمارت 8 سال سے بند پڑی تھی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ وزارتوں کے ڈیڈ ایسٹس یعنی مردہ اثاثے کو استعمال میں لایا جائے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کیلئے پروجیکٹ ڈائریکٹر کی تقرری کردی، فواد چودھری

فواد چودھری نے کہا کہ اس عمارت میں عالمی معیار کی میڈیا یونیورسٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ معروف برطانوی یونیورسٹی کے پروفیسرز اور سسٹم پاکستان لا رہے ہیں۔ دنیا میں پڑھائی جانے والی تمام جدید ٹیکنالوجی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی میں ملک میں پہلی مرتبہ اینی میشن، ساوَنڈ اور لائٹنگ کی تعلیم دی جائیگی۔ یہ ساوَتھ ایشیا ریجن کی سب سے بہترین یونیورسٹی ہو گی۔ عوام پر بوجھ ڈالنے کی بجائے ہم اپنے وسائل کو استعمال کریں گے۔


متعلقہ خبریں