کورونا: بھارت میں 24 گھنٹوں کے دوران 36 سو سے زائد اموات

فوٹو: فائل


بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 6 سو 45 مریض انتقال کر گئے، یہ اس وبا کی وجہ سے ایک دن میں ہلاکتوں کا نیا ریکارڈ ہے۔

جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کے مطابق بھارت کی  وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق نئی ہلاکتوں کے بعد ملک میں کووڈ 19 کے باعث مرنے والوں کی کُل تعداد اب 2 لاکھ 4 ہزار 8 سو 32 ہو گئی ہے۔

اسی دوران کورونا انفیکشن کے تقریباﹰ 3 لاکھ 80 ہزار نئے کیس بھی رجسٹر کیے گئے۔ یہ بھی ایک دن میں انفیکشنز کی نئی ریکارڈ تعداد ہے۔ بھارت میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد اب تقریباﹰ 18.04 ملین ہو گئی ہے.

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق امریکہ نے اپنے شہریوں کو جلد از جلد بھارت چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید پڑھیں: بھارت: کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی

امریکہ نے بھارت میں کورونا انفیکشن کے تیزی سے پھیلاؤ کے بارے میں ایک ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انڈیا میں کورونا بحران اس قدر سنگین ہو گیا ہے کہ طبی سہولیات ناکافی ثابت ہو رہی ہیں۔

اس ضمن میں امریکہ نے لیول 4 ٹریول ہیلتھ نوٹس جاری کیا ہے۔ یہ انتباہ ایک ایسے موقع پر جاری کیا گیا ہے جب امریکی صدر جو بائیڈن نے انڈیا کو کئی سطحوں پر کورونا بحران سے نمٹنے میں مدد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے ہیلتھ الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’انڈیا میں کورونا کیسز اور اموات کے یومیہ ریکارڈ روزانہ کی بنیاد پر ٹوٹ رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کووڈ۔19 ٹیسٹ کی سہولیات بھی محدود ہیں اور طبی سامان کی فراہمی کے حوالے سے ہسپتالوں میں خوفناک صورتحال ہے۔ اس کے علاوہ ہسپتالوں میں نئے مریضوں کے لیے کوئی بستر نہیں بچا ہے۔

امریکی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ کووڈ کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے طبی سہولیات منہدم ہو گئی ہیں۔ اس میں کہا گیا ہے کہ امریکی شہریوں کو انڈیا سے آنے والی پروازوں سے براہ راست آنا چاہیے۔


متعلقہ خبریں