پاکستان نے بلوچستان سے ملحق افغان بارڈر سیل کرنے کا فیصلہ کر لیا

پاکستان نے بلوچستان سے ملحق افغان بارڈر سیل کرنے کا فیصلہ کر لیا | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پاکستان نے بلوچستان سے ملحق افغان بارڈر سیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت 1260 کلو میٹر طویل سرحد پر خاردار تار لگائی جائے گی۔

ہم نیوز کے مطابق معاملے کے متعلق وفاقی حکومت کی جانب سے باقاعدہ فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ بلوچستان سے ملحق افغان سرحد پر باڑ نصب کرنے کا کام تین برسوں میں مکمل کیا جائے گا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق بین الاقوامی سرحد پر باڑ لگانے کا فیصلہ افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے والے شدت پسندوں کی روک تھام کے لئے کیا گیا ہے۔

پاک افغان بارڈر پر حفاظتی انتظامات کو بہتر بنانے کے لئے خیبرپختونخوا سے ملحق سرحد کو پہلے ہی باڑ لگا کر بند کرنے کا عمل جاری ہے۔

سرحد پر سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے اس سے قبل چمن، قندھار بارڈر پر 1100 کلومیٹر طویل خندق بھی کھودی گئی تھی۔

پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے وفاقی حکومت کو سرحد پر باڑ لگانے کی تجویز دی گئی تھی جسے منظور کرتے ہوئے اس پر عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دریں اثناء وزیراعلی بلوچستان کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد پر باڑ سے دہشت گردی کے خاتمہ میں مد ملے گی۔ باڑ لگانے کا مقصد ملک کو محفوظ بنانا ہے۔

عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ افغانیوں کی مہمان نوازی کے تحفہ میں دہشت گردی ملی، افغان سرزمین ہمارے خلاف استعمال ہورہی ہے۔

بلوچستان سے ملحق افغان سرحد پر باڑ لگانے کے معاملہ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچ ملک کے سپاہی ہیں، دفاع کے لیے جانیں قربان کیں۔


متعلقہ خبریں