مفتاح اسماعیل نے چیف الیکشن کمشنر کو ایک اور خط لکھ دیا


کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار مفتاح اسماعیل نے چیف الیکشن کمشنر کو ایک اور خط لکھ  دیا۔

ذرائع کے مطابق مفتاح اسماعیل نے چیف الیکشن کمیشن کو بیلٹ باکسز کو اپنی تحویل میں لینے کی درخواست کی ہے۔

مفتاح اسماعیل نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ انتخابی مواد درخواست پر حتمی فیصلہ ہونے تک رینجرزکی نگرانی میں رکھا جائے۔

مفتاح اسماعیل نے حلقہ این اے 249 کے انتخابی نتائج کو چیلنج کردیا

انہوں نے موقف اپنایا کہ پریزائیڈنگ افسران اور پولنگ عملہ صوبائی حکومت کے لگائے ہوئے تھے۔ عملے نے سندھ کی حکمران جماعت کا ساتھ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بیلٹ پیپرز کی حفاظت سے متعلق شدید خدشہ ہے۔ بیلٹ پیپرز سندھ پولیس کی تحویل میں ہیں جو سندھ حکومت کا ہی محکمہ ہے۔

خیال رہے کہ کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا ہے۔

276 میں سے 276 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار قادرمندو خیل 16 ہزار156 لے کر کامیاب ہو گئے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے مفتاح اسماعیل 15 ہزار 573 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے جب کہ پاک سرزمین پارٹی 9 ہزار227 اور تحریک انصاف نے 8 ہزار 922 ووٹ لیے۔

غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق ایم کیو ایم نے 7 ہزار 511ووٹ لیے ہیں۔


متعلقہ خبریں