کورونا:حکومت خاص سرگرمی کیلئےالگ اصول نہیں بنا سکتی، اسدعمر

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن میں مزید اضافہ نہیں ہورہا۔

ہم نیوز کے پروگرام بریکنگ پوائنٹ وِد مالکمیں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کورونا کی نئی اقسام پہلے سے زیادہ خطرناک ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جتنی پابندیاں اس وقت لگائی جا چکی ہیں اس میں مزید اضافے کی فی الحال ضرورت نہیں ہے۔

وفاقی وزیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کورونا کی وجہ سے ملک بھر میں تمام جلوسوں پر پابندی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی کیلئے الگ سے فیصلے نہیں کیے، تراویح اور نماز کیلئے جو ایس او پیز ہیں، مجالس کے لیے بھی وہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کیلئے آئندہ چند ہفتے نازک ہیں، اسد عمر

اسد عمر نے پروگرام میں کہا کہ13 اپریل کو نوٹیفکیشن جاری ہوگیا تھا کہ اجتماعات پر پابندی ہے۔ نوٹیفکیشن میں کسی خاص طبقے کا نام نہیں لیا گیا۔ حکومت کا فرض ہے کہ بلاتقریق سب کی جان کی حفاظت کرے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق نے صوبائی حکومتوں سے مشورہ کیا تھا۔ اجلاس میں تجویز دی گئی کہ یوم علی کے جلوس میں محدود افراد کو شرکت کی اجازت دی جائے۔

وفاقی وزیر نے پروگرام میں بتایا کہ اجلاس میں شریک دو صوبوں کے نمائندوں نے کہا کہ ہم شرکا کی تعداد محدود نہیں رکھ سکیں گے۔ جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کسی ایک خاص سرگرمی کیلئےالگ اصول نہیں بنا سکتی۔

انہوں نےعلما سے اپیل کی کہ’آپ کی آواز میں وزن ہے، اگر آپ لوگوں کو احتیاط کا درس دیں گے تو یہ عین دین کے مطابق ہوگا۔

 

 


متعلقہ خبریں