کم لاگت گھروں کی تعمیر کیلئے 133مقامات کی نشاندہی کرلی گئی، عثمان بزدار


زیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں کم لاگت گھروں کی تعمیر کے منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہاؤسنگ اسکیم کے تحت 133 مقامات کی نشاندہی کرلی ہے۔ پہلےمرحلے میں 54 مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے۔ 32 مقامات پر ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم رائیونڈمیں بیک وقت 10 مقامات پر تاریخ ساز منصوبے کا آغاز کریں گے۔ پنجاب حکومت نے 3 ارب روپے اس پروگرام کے ترقی کے کاموں کیلئے فراہم کیے ہیں۔

مزید پڑھیں: گھر بنانے کیلئے قرضہ کیسے لیں؟ ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے بتا دیا

انہوں نے کہا کہ گھر کا سائز 3 مرلے سے بڑھا کر ساڑھے 3 مرلے کردیا گیا ہے۔ 14 لاکھ 30 ہزار روپے میں گھر دیا جائے گا۔ درخواستگزار ایک لاکھ 43 ہزار روپے دے گا، باقی رقم بینک آف پنجاب فراہم کرے گا۔  گھر کی ماہانہ قسط تقریباً 10 ہزار روپے ہوگی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ سرگودھا میں اس منصوبے کا افتتاح ہوچکا ہے اور کام جاری ہے۔ چنیوٹ، لاہور، ڈیرہ غازی خان، میانوالی سمیت 10 ضلعوں میں کام کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ کم آمدن لوگوں کو اپنی چھت کا خواب پورا کرنا حکومت کا وعدہ ہے۔ کم آمدن والے شہریوں کیلئےسستےگھروں کی تعمیر ہماری حکومت کی فلیگ شپ پروگرام ہے۔


متعلقہ خبریں