فردوس عاشق کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر کو ڈانٹ، وزیر اعلیٰ نے رپورٹ طلب کرلی

 فردوس عاشق کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر کو ڈانٹ، وزیر اعلیٰ نے رپورٹ طلب کرلی

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے معاون خصوصی برائے اطلاعات  فردوس عاشق اعوان کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) سیالکوٹ سونیا صدف کو بازار میں بدانتظامی پر ڈانٹ پلانے پر چیف سیکریٹری سے انکوائری رپورٹ مانگ لی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات کی۔ انہوں نے عثمان بزدار کو واقعہ کی رپورٹ پیش کی  اور ضلعی انتظامیہ کی ناقص پالیسی پر بھی بریفنگ دی۔

دوسری جانب چیف سیکریٹری پنجاب جواد رفیق  نے بھی وزیر اعلی سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے انہیں واقعے کی فوری انکوائری کا حکم دیا۔

مزید پڑھین: بازار میں بدانتظامی: فردوس عاشق نے اسسٹنٹ کمشنر کو ڈانٹ پلادی

وزیراعلیٰ سے ملاقات کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ رمضان بازار میں مسائل کی جنگ لڑنے گئی تھی کسی خاندان کی نہیں، گرمی برداشت نہیں کر سکتے تو عوام سے جڑے منصوبوں میں نہ آئیں، کوئی کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو عوام کے حقوق کی پاسداری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ شاہی خاندان اور بابوؤں کا چینی کی لائن سے کچھ لینا دینا نہیں، فارغ سیاستدان حکومت پر انگلیاں نہ اٹھائیں۔

انہوں نے پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز کا نام لیے بغیر کہا کہ جعلی راجکماری آج افسر شاہی کی ترجمان بن رہی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز  فردوس عاشق اعوان نے اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ سونیا صدف کو بازار میں بدانتظامی پر ڈانٹ پلا دی تھی۔


متعلقہ خبریں