پنجاب:صرف10اضلاع کی مساجد میں اعتکاف کی اجازت


پنجاب حکومت نےکورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث صرف 10 اضلاع کی مساجد میں اعتکاف کی اجازت دی ہے۔

کورونا کے باعث مساجد میں اعتکاف کا اہتمام محدود پیمانے پر کیا گیا ہے اور احتیاطی تدابیر کا بھی خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔

لاہور سمیت صوبےکے 26 اضلاع میں شہریوں کو مساجد میں اعتکاف کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

اٹک، گجرات، ساہیوال، بہاولپور، چنیوٹ، اوکاڑہ، سیالکوٹ، ڈی جی خان، حافظ آباد اور جھنگ کی مساجد میں اعتکاف کیا جا سکتا ہے۔

صوبائی حکومت نے ہدایت کی ہے کہ زیادہ شرح والے اضلاع کے شہری گھروں پر اعتکاف کریں۔ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان کی مساجد میں اعتکاف کی اجازت نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں لاکھوں مسلمان اعتکاف بیٹھ گئے

لاہور میں محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام جامع مسجد داتا دربار، آسٹریلیا مسجد ریلوے اسٹیشن اور دیگر مساجد میں کسی کو اعتکاف میں بیٹھنے کی اجازت نہیں۔

وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مساجد میں کورونا سے بچاؤ کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ معتکفین کو ہدایت کی گئی کہ سب ایک ساتھ اکٹھے بیٹھ کر سحر و افطار سے گریز کریں۔

بچوں اور پچاس سال سے زائد عمر کے افراد کو مساجد نہ آنے کی ہدایت کی گئی۔ بستر، چادر، پردے اور برتن گھروں سے لے کر آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

این سی او سی نے ہدایات میں یہ بھی کہا ہے کہ اعتکاف کرنے والے افراد کسی دوسرے فرد کی کوئی بھی چیز استعمال نہ کریں۔


متعلقہ خبریں