پاک بحریہ کے سابق سربراہ انتقال کر گئے

سابق نیول چیف کی وفات پر آرمی چیف، سربراہ پاک فضائیہ کا اظہار تعزیت

اسلام آباد: پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل کرامت رحمان نیازی انتقال کر گئے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل کرامت رحمان نیازی کا انتقال اسلام آباد میں ہوا۔ سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کرامت رحمان نیازی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی۔

نیول چیف نے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے کرامت رحمان نیازی کی خدمات کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق سابق سربراہ ایڈمرل کرامت رحمان نیازی نے 1951 میں پاک بحریہ میں کمیشن حاصل کیا تھا۔

کرامت رحمان نیازی 1979 سے 1983 تک پاک بحریہ کے سربراہ رہے۔ انہوں نے 1956 میں پاک بحریہ میں کمیشن حاصل کیا اور 1964 میں پاکستان کی پہلی آبدوز ’’غازی‘‘ کے کمانڈر بنے۔

یہ بھی پڑھیں: ہم اپنے نبی ﷺ کی توہین برداشت نہیں کر سکتے، وزیر اعظم

کرامت رحمان نیازی نے 1965 اور 1971 کی جنگوں میں حصہ لیا اور نشان امتیاز(ملٹری)، ستارہ جرات (ملٹری) اور ہلال امتیاز (ملٹری) کے اعزازات حاصل کیے۔

کرامت رحمان نیازی 22 مارچ 1979 کو پاکستان بحریہ کے چیف آف اسٹاف بنے اور 23 مارچ 1983 تک اس عہدے پر فائز رہے۔


متعلقہ خبریں