سندھ حکومت کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہی، فواد چودھری


وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فوادچودھری نے کہا ہے کہ سندھ اور کراچی میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد سب سے کم ہے، ایس او پیز پر سب سے کم عملدرآمد سندھ اور خصوصا کراچی میں ہوا، سندھ حکومت ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے میں کامیاب نہیں ہوئی۔ امید ہے سندھ حکومت ایس او پیز پر عملدرآمد کروائے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 88 فیصد کورونا ایس اوپیز پر عمل ہو رہا ہے۔ کراچی کے اثرات سارے ملک میں جاتے ہیں۔ آج سب سے زیادہ اموات پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کراچی کے حلقے این اے 249 میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کو دیکھنا ہوگا کہ نوبت یہاں تک کیوں آئی؟ پی ٹی آئی کامطالبہ ہے دوبارہ پولنگ کی جائے، دوبارہ گنتی کا فائدہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اووسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے دائرے میں لانا چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا نہیں چاہتی ہیں۔ الیکشن کمیشن اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کیلئے کام کرے گا۔ الیکشن کمیشن ای وی ایم مشین استعمال کرسکے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کمیشن نےانتخابات میں ایس اوپیز پر عمل درآمد نہیں کیا۔ ہم الیکشن کمیشن پر تنقید نہیں کررہے لیکن اس پر عمل کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں بھی الیکشن کمیشن کوذمہ دارانہ رویہ اختیارکرنا ہوگا۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف نے الیکڑانک ووٹنگ مشین کے استعمال کی تجویز مسترد کر دی

انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے 4 حصے ہیں، جن میں سے ایک الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہے۔ انتخابی اصلاحات کادوسراحصہ ای ووٹنگ ہے۔ ای ووٹنگ بنیادی طور پر اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ہے۔ ای وی ایم مشین سے 20 منٹ میں پورے حلقے کا نتیجہ آجائے گا۔ ای ووٹنگ سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق ملے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کم ووٹوں کے ساتھ اسمبلی میں آجانا تماشا لگتا ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کیلئے بھی 24 سفارتخانوں میں ڈیسک قائم کررہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کو اختیار دیا ہے کہ ای وی ایم مشین استعمال کر سکے گا۔ بائیو میٹرک پر ابھی ٹیکنالوجی کا کام مکمل ہونا باقی ہے۔

وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ نابالغ قیادت کو پارلیمان کی اہمیت کا اندازہ نہیں ہے۔ مریم اور بلاول جیسی نابالغ قیادت ہم پر مسلط ہوگئی ہے۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی سیاست خاتمے کےقریب ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ عید کی چھٹیوں میں لاک ڈاؤن کا مقصد مثبت کیسز میں کمی لانا ہے۔

وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے 2 آرڈیننس کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے قیدیوں کی سزا میں 90 روز کمی کی منظوری دے دی۔ معافی کا اطلاق سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے این ای ڈی انجینئیرنگ یونیورسٹی کراچی کے 100 سال مکمل ہونے پر یادگاری سکہ جاری کرنے کی منظوری دے دی

فواد چودھری نے کہا کہ وراثت سرٹیفکیٹ کیلئے عدالت جانے کی ضرورت نہیں رہی۔ نادرا فیملی ٹری دیکھ کر وراثت سرٹیفکیٹ جاری کرسکے گا۔

 


متعلقہ خبریں