پی ایس ایل فرنچائزز کی بقیہ میچز دبئی منتقل کرنے کی درخواست

پی ایس ایل

فوٹو: فائل


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائزز نے لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز کو کراچی سے دبئی منتقل کرنے کی درخواست کر دی۔

ذرائع کے مطابق تمام فرنچائزز نے پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کو اس معاملے پر گورننگ کونسل کا اجلاس بلانے کی درخواست بھی کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے پی ایس ایل کے دیئے گئے شیڈول کے مطابق 23 مئی سے کھلاڑیوں کو کراچی میں جمع ہونا ہے۔

5 سے 20 مئی تک فلائٹ آپریشن پر بھی پابندی عائد ہوگی جس کی وجہ سے لاجسٹک اور آپریشنل مسائل کا بھی سامنا ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب پی سی بی کے ترجمان نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے لیے این سی او سی سے رابطے میں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں بقیہ میچز کرانے کا فیصلہ بھی این سی او سی کو اعتماد میں لے کر کیا تھا، موجودہ صورتحال کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی صحت اور حفاظت کے لیے فیصلہ کیا جائے گا، پی ایس ایل کے میچز کے لیے تیزی سے کام جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ابھی تک پی ایس ایل کے میچز شیڈول کے مطابق کراچی میں ہوں گے، حتمی فیصلہ صورتحال کا جائزہ لیکر این سی او سی ہدایت کے تحت کرینگے۔


متعلقہ خبریں