میکسیکو: میٹرو ٹرین کو خوفناک حادثہ، 23 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

میکسیکو: میٹرو ٹرین کو خوفناک حادثہ، 23 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

میکسیکو سٹی کے دارالحکومت میں میٹرو ٹرین کو پیش آنے والے حادثے میں کم از کم 23 افراد ہلاک اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق حادثہ میٹرو ٹریں کی بالائی گزرگاہ بیٹھنے کےسبب پیش آیا۔ میٹرو ریل شہر کے جنوبی علاقے اولیواس سے ٹیزنوکو جا رہی تھی۔

رپورٹس کے مطابق میکسیکو کے دارالحکومت میں ایک میٹرو ریل پل سے گزر رہی تھی کہ اچانک پل منہدم ہو گیا اور ٹرین زور دار دھماکے سے نیچے آگری۔ حادثے کے بعد لوگوں کی چیخ و پکار مچ گئی۔

خوفناک حادثے کے نتیجے میں اب تک 23 افراد کے ہلاک ہونے  جبکہ 70 سے زائد مسافر زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ حادثے کے بعد امدادی رضاکاروں نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا۔

مزید پڑھیں: مصر: ٹرین کا خوفناک حادثہ، 32 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

حکام کے مطابق حادثے کے وقت ٹرین اس ٹریک کے اوپر موجود تھی جبکہ ٹریک ٹوٹنے سے ٹرین کی بوگیاں زمین پر گرگئیں۔ بوگیوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق میٹرو ریل ٹریک کا اوپری حصہ جزوی طور پر گرگیا جس کی وجہ سے ملبہ اور ٹرین کے بعض ڈبے نیچے سڑک پر آگرے۔

جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کے مطابق جس مقام پر ٹرین کے ڈبے گرنے کا واقعہ پیش آیا وہاں کھڑی کچھ کاریں بھی اس کی زد میں آئی ہیں جو ملبے کے نیچے دب گئیں۔

شہر کی میئر کلوڈیا شین بام نے جائے حادثہ کا دورہ کرنے کے بعد اپنی ایک ٹویٹ میں کہا، ”آگ پر قابو پانے والا عملہ اور محکمہ پبلک سیفٹی کے لوگ ایک ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ کئی ہسپتالوں میں زخمیوں کا علاج چل رہا ہے اور اس بارے میں مزید اطلاعات جلد ہی فراہم کی جائیں گی۔


متعلقہ خبریں