فوجی کی ڈائری میں زیرزمین خزانے کا راز


پولینڈ کے قدیم محل کے نیچے خزانہ دفن ہونے کا انکشاف ہوا اور خزانہ تلاش کرنے والوں نے کھدائی شروع کردی ہے۔

اٹھارویں صدی عیسوی میں تعمیر کیے گئے محل پر جنگ عظِم دوم کے دوران نازی جرمن فوج کا قبضہ تھا۔

ہٹلر کی فوج نے جنگ کے خاتمے پر اس محل میں خزانہ دفن کیا تھا جس کی مالیت مبینہ طور پر5 کھرب روپے سے زائد ہے۔

خزانے کا علم نازی افسر کی ڈائری سے ملا جس کے مطابق محل میں سونے سے بھرے 48 کریٹس موجود ہیں۔ سونے کا وزن10 ٹن کے قریب ہو سکتا ہے۔

کھدائی سیلیشین برج فاؤنڈیشن کی سربراہی میں کی جا رہی ہے۔ محل کو آثار قدیمہ کا درجہ دیا گیا ہے اور کھدائی صرف ہاتھوں یا چھوٹے آلات سے کی جائے گی۔

اطلاعات ہیں کہ خزانہ چھپانے کیلئے کھدائی کرنے والے5 فرانسیسی فوجیوں کو قتل کردیا گیا تھا۔ قتل کیے گئے ان فوجیوں کے باقیات بھی ملنے کا امکان ہے۔

نازی فوج کے ایس ایس آفیسر کی ڈائری اور ایک نقشے سے خزانے کے مقام کا انکشاف ہوا۔  ڈائری سے گزشتہ سال اس خطے میں ایک اور محل کی جگہ کا انکشاف ہوا تھا جہاں سمجھا جاتا ہے کہ کنویں کے نیچے 28 ٹن خزانہ دفن ہے۔

ڈائری میں محل کے علاوہ11 مقامات کا ذکر کیا گیا ہے جہاں جنگ کے دوران زیورات اور سونے چاندی کے علاوہ دیگر قیمتی اشیا جمع کی گئی تھیں۔

 

 


متعلقہ خبریں