وفاقی حکومت نے رمضان پیکج کا اعلان کردیا


اسلام آباد :وفاقی حکومت نے رمضان پیکج کو حتمی شکل دے دی۔ رمضان پیکج کے تحت 1000 سے زائد کھانے پینے کی اشیا عوام الناس کو سستے داموں یوٹیلیٹی اسٹورز پر دستیاب ہوں گی۔

سرکاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی حکومت نے رمضان المبارک میں لوگوں کو سستی اشیا فراہم کرنے کے لیے ایک ارب 73 کروڑ روپے کی سبسڈی دینے کی حتمی منظوری دے دی ہے۔

عوام الناس یوٹیلیٹی اسٹورز سے آٹا، چینی، چائے، دالیں، چاول، بیسن، کوکنگ آئل، گھی، کھجور، مشروبات، خشک دودھ، اور مصالحہ جات سمیت دیگر اشیائے ضرورت  ارزاں نرخوں پر خرید سکیں گے۔

ہر سال کی طرح امسال بھی حسب روایت وفاقی حکومت نے رمضان پیکج کا اعلان کیا ہے۔ اس کا مقصد متوسط اور غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے رمضان المبارک میں افطار و سحر کے انتظامات کو آسان بنانا ہوتا ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ رمضان پیکج سے مستفید ہونے کے لیےعوام الناس کی بڑی تعداد یوٹیلیٹی اسٹورز کا رخ کرتی ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز جانے والوں کی غالب اکثریت کو ہر مرتبہ یہ شکایت ضرور ہوتی ہے کہ فراہم کی جانے والی اشیا ناقص معیار کی ہیں۔


متعلقہ خبریں