کورونا: ہمارے ملک میں وہ حالات نہیں ہوئے جو پڑوس میں ہیں، اسد عمر

فائل فوٹو


وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ بروقت فیصلوں سے ہمارے ملک میں وہ حالات نہیں ہوئے جو پڑوس میں ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہر رمضان المبارک کے آخری چند دن اور عید سادگی اور احتیاط سے منائیے، آج آئیں مل کر اس اہم ترین وقت کو احتیاط سے گزاریں۔

ملک بھر میں کورونا سے مزید 140 اموات

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں آج مزید 140 اموات اور 4 ہزار 298 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 18 ہزار 677 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 50 ہزار 31 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹےمیں 44 ہزار 846 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جبکہ ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.58 فیصد رہی۔

ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 83 ہزار 699 ہے اور 7 لاکھ 47 ہزار 755 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 8 ہزار 891 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار 698، خیبرپختونخوا 3 ہزار 537، اسلام آباد 702، گلگت بلتستان 107، بلوچستان میں 243 اور آزاد کشمیر میں 499 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 77 ہزار 414، خیبرپختونخوا ایک لاکھ 22 ہزار 520، پنجاب 3 لاکھ 14 ہزار 517، سندھ 2 لاکھ 89 ہزار 646، بلوچستان 23 ہزار 016، آزاد کشمیر17 ہزار 660 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 358 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں