‘سلیکٹڈ وزیراعظم 3 سال سے چور، ڈاکو، این آر او نہیں دوں گا کی گردان پڑھ رہے ہیں’

'سلیکٹڈ وزیراعظم 3 سال سے چور، ڈاکو، این آر او نہیں دوں گا کی گردان پڑھ رہے ہیں'

پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے تین سال ہوگئے سلیکٹڈ وزیراعظم چور ڈاکو این آر او نہیں دوں گا کی گردان پڑھ رہے ہیں۔

شہبازشریف نے پارٹی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے کرم فرمایا اور ہم  نے دن رات کام کیا۔ ہم صبح 6 سے رات 11 بجے تک مسلسل کام کرتے رہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈینگی کا کوئی تجربہ نہیں تھا نہ ہی کوئی نظام موجود تھا۔ ڈینگی وبا کے دوران دیگر بیماریوں کو ملا کر 250 افراد کا انتقال ہوا لیکن اگلے سال ایک بھی موت ڈینگی سے نہیں ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف کو مشروط طور پر بیرون ملک جانے کی اجازت

ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ چور، ڈاکو کے بجائے حکومت ڈینگی ماڈل ہی اپنا لیتی تو کورونا وبا کی یہ صورتحال نہ ہوتی۔ حکومت کو ملک و قوم کا درد ہوتاتوویکسین منگوانے کیلئے ہر جتن کرتے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا تمام تر انحصارخیرات کی ویکسین پر رہا۔ حکومت نے ڈیڑھ سال ضائع کردیا۔ 100 ارب روپے ویکسین کیلئے مختص کر دیتے تو آج یہ صورتحال نہ ہوتی۔

شہباز شریف نے کہا کہ تین سال میں ملک کی معیشت کا کیا حال ہوچکا ہے؟ مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے۔ سلیکٹڈ وزیراعظم سے کہیں کہ غربت بڑھ گئی ہے تو جواب ملتا ہے کہ چور، ڈاکو، این آر او نہیں دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اپنے خطاب میں نیب نیازی گٹھ جوڑ کی حقیقت بیان کردی تھی۔ تین سال بعد بشیر میمن نے میری بات کی تصدیق کردی۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا کہ پارٹی رہنماوَں کو احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کی چھلنی سے گزارا گیا۔ نوازشریف اپنی اہلیہ کو بستر مرگ پر چھوڑ کر وطن واپس آئے اور بیٹی کے ساتھ جیل کاٹی۔

اںہوں نے کہا کہ نوازشریف، مریم نواز نے ہی نہیں بلکہ آپ سب نے بھی اپنی اپنی جگہ بھرپور قربانی دی اور مشکل حالات کا سامنا کیا ہے۔
پارٹی کے تمام رہنماوں، کارکنان اور وابستگان نے سیاسی انتقام کے قہر کا دلیری اور ثابت قدمی سے سامنا کیا ہے۔

ن لیگ کے صدر نے کہا کہ  خواجہ آصف اور جاوید لطیف اب بھی جیل میں ہیں۔ ہمارے ساتھ مل کر قوم کی خدمت کرنے والے سرکاری افسران کو بھی قید ناحق میں ڈالا گیا۔ احد چیمہ اور فواد حسن فواد جیسے قابل اور محنتی افسران کاواحد قصور ہمارے ساتھ مل کر عوام کی خدمت کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ انجینئر قمرالاسلام کو بے گناہ صاف پانی کیس میں جیل بھجوایا گیا۔ آپ سب نے اپنے اپنے حوالے سے صعوبتیں برداشت کی ہیں
میں پارٹی کے ہر رہنما اور کارکن کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں اور آپ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف اور پارٹی کی طرف سے آپ کو خاص طورپر اس لیے بھی مبارک پیش کرتا ہوں کہ مشکل ترین حالات کے باوجود آپ کے اندر رتی برابرلغزش نہیں آئی۔ آپ کے پاوں مضبوطی سے جمے رہے، نوازشریف کی قیادت پر آپ نے پورا اعتماد کیا۔

 


متعلقہ خبریں