شہباز شریف کیخلاف ثبوت ہیں تو قوم کے سامنے لائے جائیں، شاہد خاقان عباسی


لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ شہباز شریف کیخلاف ثبوت ہیں تو قوم کے سامنے لائے جائیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ن لیگ اور قیادت پر کرپشن کا الزام بار ہا لگایا جاتا رہا ہے۔ کبھی صاف پانی تو کبھی آشیانہ کا کیس بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیلنج کرتا ہوں عمران خان اور ان کے وزرا ٹی وی پر ثبوت لائیں۔ شہباز شریف نے 10 سال پنجاب کی خدمت کی اور قومی احتساب بیورو (نیب) نے عدالت میں اعتراف کیا ہے کہ شہباز شریف نے کوئی کرپشن نہیں کی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آپ کے پاس 55 والیم ہوں یا 5500 اس میں کچھ ہونا بھی چاہیے کیونکہ ثبوت نہیں دیں گے تو آپ کے پاس موجود والیم کی کوئی حیثیت نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے کس جرم میں شہباز شریف کو جیل میں ڈالا ؟ روز روز الزامات لگاتے ہیں کہ ہمارے پاس ثبوت ہیں۔ کدھر ہیں ثبوت؟ یہ وزیر بتائیں ان کا نیب سے کیا تعلق ہے؟

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف نے ملک سے فرار ہونے کی کوشش کی، فردوس عاشق اعوان

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر بننے کے بعد شہباز شریف نے آدھاعرصہ جیل میں گزارا اور کوئی ثبوت نہیں کہ شہباز شریف کے پاس کوئی ٹی ٹی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی ثبوت نہیں کہ شہباز شریف نے منی لانڈرنگ کی ہے۔ چیئرمین نیب بھی آئین اور قانون سے بالاتر نہیں ہیں۔ نیب نے کوشش ہی نہیں کی کہ شہبازشریف کے ذرائع آمدن کیا ہیں۔


متعلقہ خبریں