زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کیلئے پاکستان کو ایک وکٹ درکار

پاکستان کو زمبابوے کے خلاف دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز اور دوسرا ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے ایک وکٹ درکار ہے۔

دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز کے اختتام پر فالو ہونے کے بعد زمبابوے کی بیٹنگ لائن پھر لڑکھڑا گئی اور 220 رنز اس کے 9 کھلاڑی آوٹ ہو چکے ہیں۔

پاکستان کی پہلی اننگز 510 رنز کے جواب میں زمبابوے کی ٹیم 132 کے مجموعی اسکور پر ڈھیر ہو گئی جس کے بعد اسے فالو آن کا سامنا ہے۔

زمبابوے کی دوسری اننگز میں  پاکستانی باؤلر نعمان علی کی شاندار 5 اور شاہین آفریدی کی 4 وکٹوں کے باعث زمبابوے صرف 220 رنز بنا سکی ہے۔

مہمان ٹیم کو ابھی شکست سے بچنے کے لیے 158 رنز کا پہاڑ عبور کرنا ہے جب کہ پاکستان ایک اننگ سے فتح کے لیے محض 1 وکٹوں کی دوری پر ہے۔

اس سے پہلے  پاکستان نے پہلی اننگز میں عابد علی کی ڈبل سنچری اور اظہر علی کی سنچری کے بعد دوسرے روز اپنی اننگز 510 رنز پر ڈیکلیئر کردی جس کے جواب میں میزبان ٹیم نے دن کے اختتام تک 4 وکٹ کے نقصان پر 52 رنز بنائے تھے۔

کھیل کے تیسرے دن زمبابوے نے اننگز کا آغاز کیا تو پاکستان کی پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لیے 450 سے زائد رنز درکار تھے تاہم حسن علی اور ساجد خان کی شاندار بولنگ کے آگے میزبان ٹیم زیادہ دیر وکٹ پر کھڑی نہ رہ سکی اور صرف 84 رنز کے اضافے کے بعد پوری ٹیم 132 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔

قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی اور ساجد خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب 5 اور 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ شاہین شاہ آفریدی اور تابش خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل قومی ٹیم کی جانب سے اظہر علی اور عابد علی نے پہلے دن شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سنچریاں مکمل کیں تاہم اظہر علی پہلے دن کے اختتام پر 126 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان بابراعظم 2 اور فواد عالم 5 رنز بناسکے۔

اوپننگ بلے باز عابد علی نے کھیل کے دوسرے روز بھی اپنی شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 393 گیندوں پر ڈبل سنچری اسکور کی جس میں انہوں نے 27 چوکے لگائے۔ وہ 215 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ نعمان علی نے اپنی پہلی نصف سنچری بنائی اور بدقسمتی سے صرف 3 رنز کی کمی سے سنچری نہ بناسکے وہ 97 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

اوپنر عابد علی نے کریئر کی پہلی ڈبل سنچری اسکور کی وہ ہرارے میں ڈبل سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز بن گئے۔ اس سے قبل سابق کپتان اور موجودہ بیٹنگ کوچ یونس خان نے 2013 میں ڈبل سنچری اسکور کی تھی۔

واضح رہے کہ 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم کو 0-1 کی برتری حاصل ہے، پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میں زمبابوے کو ایک اننگ 116 رنز سے شکست دی تھی۔

متعلقہ خبریں

ٹاپ اسٹوریز