موسلا دھار بارش: آئیسکو کے 35 فیڈرز ٹرپ کر گئے، کئی علاقوں میں بجلی غائب


وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں پیر کی شام ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث آئیسکو کے اسلام آباد اور راولپنڈی سرکل اور گردونواح میں 35 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔ 

اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی سرکل اور گردونواح میں تیز بارش
کے سبب 35 سے زائد فیڈرز پر فالٹ اور ٹرپنگ کے باعث بجلی کی سپلائی میں عارضی تعطل آگئی ہے۔

آئیسکو کے مطابق متاثرہ فیڈرز میں دھمیال روڈ ،کیرج فیکٹری، روات،بحریہ انکلیو، خیابان سر سید، آراے بازار ،مندرہ اور ڈھوک حسو شامل ہیں۔

آئیسکو کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گوالمنڈی، کہوٹہ ،ریس کورس، اسلام آباد ایف 7 اور آئی 11 میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی ہے۔

آئیسکو کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں بارش رک گئی ہے وہاں بجلی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق  اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے اور کئی جگہوں پر پانی کھڑا ہوگیا، جس کے سبب مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ہم نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا کے علاقے ایبٹ آباد، گلیات کے مختلف سیاحتی مقامات پربارش بھی بارش ہوئی۔ بارش کے باعث ایبٹ آباد کےمختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوگئی۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان 

اسی طرح ہری پور اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی۔ مری اورگردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جبکہ کوہاٹ ،ٹیکسلا اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

ہم نیوز کے مطابق فتح جنگ اور گردونواح میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ تین روز میں وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں مطلع ابر آلود رہے گا اورگرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاورمیں بارش کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان اورکشمیر میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں