وزیراعظم عمران خان پمز اسپتال کا اچانک دورہ

وزیراعظم عمران خان پمز اسپتال کا اچانک دورہ

وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں واقع سب سے بڑے سرکاری پمز اسپتال کا اچانک دورہ کیا۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم نے پمزاسپتال میں کورونا وارڈ کا دورہ کیا۔ انہوں نے مریضوں کی عیادت کی اور ان سے اسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا۔

دورے کے دوران وزیراعظم نے کورونا وارڈ میں موجود ڈاکٹروں سے ملاقات کی۔ ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز اور اسپتال انتظامیہ نے وزیراعظم کو مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں تیار کردہ کورونا ویکسین مئی کے آخر تک دستیاب ہوگی، اسدعمر

اپنے دورے کے دوران وزیراعظم نے ڈاکٹرز سے مریضوں کیلئے دستیاب ادویات کے بارے میں بھی معلوم کیا۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 78 اموات اور 3 ہزار 447 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 18 ہزار993  تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 61 ہزار 473 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 80 ہزار375 ہے اور 7 لاکھ 62ہزار 105 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں9ہزار 58 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار 742، خیبرپختونخوا 3 ہزار615، اسلام آباد 715، گلگت بلتستان 107، بلوچستان میں 248 اور آزاد کشمیر میں 508 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 78 ہزار 200، خیبرپختونخوا ایک لاکھ 24 ہزار 484، پنجاب 3 لاکھ 19 ہزار 365، سندھ 2 لاکھ 92 ہزار644، بلوچستان 23 ہزار447، آزاد کشمیر 17 ہزار945 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 388 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا کی ویکسینیشن جاری ہے اور 40 سال سے زیادہ عمر والے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں