سعودی عرب نے مزید 50 کروڑ ڈالر دینے کا فیصلہ کیا ہے،شاہ محمود قریشی


ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے 50 کروڑ ڈالر مزید دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے ملتان کے لیے 30 ارب سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا ہے اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد بہت بڑا اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ موٹروے سے فاصلے سمٹ کر رہ گئے ہیں جبکہ موٹروے کی وجہ سے رحیم یار خان کا سفر کم ہو گیا ہے۔ جنوبی پنجاب کے لیے سرکاری ملازمتوں کے کوٹے کے لیے اسمبلی میں قرارداد پیش کی تھی۔ وقت ضرور لگے گا لیکن جنوبی پنجاب کے شہروں میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ شہباز شریف نے عدالت کو گارنٹی دی تھی کہ نواز شریف علاج کے بعد واپس آئیں گے۔ اللہ تعالیٰ نے ان کو صحت دے دی ہے اور وہ پی ڈی ایم کے جلسوں سے خطاب بھی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیا کرپشن کے خاتمے کا ٹھیکہ صرف عمران خان نے لیا ہے ؟ باقی اداروں کی بھی کچھ ذمہ داری ہے۔ شہباز شریف چلتے پھرتے ہیں اور ٹھیک ٹھاک نظر آ رہے ہیں۔ اب اگر شہباز شریف چلے گئے تو پھر ہم پر مک مکا کا الزام لگے گا۔ اب شہباز شریف کی بیماری کا جواز بنایا جا رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی ولی عہد کی دعوت پر ہم نے سعودی عرب کا 3 روزہ دورہ کیا اور پاک سعودی تعلقات میں بگاڑ پیدا کرنے والوں کے عزائم خاک میں مل گئے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی پاکستان اسٹریٹجک سپریم کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور اس کونسل کے ذریعے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ محمد بن سلمان اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی جبکہ دورہ سعودی عرب میں اہم امور پر بات چیت ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: ہم فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیر اعظم

وزیر خارجہ نے کہا کہ محمد بن سلمان سمیت دیگر حکام سے اچھے ماحول میں بات چیت ہوئی ہے۔ سعودی عرب سے بات چیت کے تین دور ہوئے۔ سعودی وزیر خارجہ 2 گھنٹوں کے لیے نہیں کم سے کم 2 دن کے لیے وطن تشریف لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد دوبارہ پاکستان کا دورہ بھی کریں گے جبکہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 کے تحت نوکریوں میں پاکستانیوں کے لیے کوٹہ مختص کیا جائے گا جس سے پاکستانیوں کے لیے سعودی عرب میں روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی مظالم پر عالمی برادری کیوں خاموش ہے ؟ مولانا فضل الرحمان

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کویت میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل بھی تقریباً حل ہو گئے ہیں جبکہ سعودی عرب کے ساتھ 5 معاہدے ہوئے ہیں۔ سعودی عرب نے 500 ملین ڈالر مزید دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سعودی عرب توانائی کے شعبے میں پاکستان کی مدد کرے گا۔


متعلقہ خبریں