پنجاب میں آؤٹ ڈور پیتھالوجی ٹیسٹ مفت کرنے کا اعلان ، 20 موبائل اسپتال بھی منگوا لیے گئے


لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پنجاب میں آؤٹ ڈور پیتھالوجی ٹیسٹ فری کرنے کا اعلان کر دیا، یورپ سے20 موبائل اسپتال بھی منگوا لیے گئے۔

چکوال میں سی ٹی اسکین سینٹرکی افتتاحی تقریب اور عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سی ٹی اسکین مشین 24  گھنٹے کام کرے گی۔  پہلے مریضوں کو ٹیسٹ کےلیے بڑے اسپتالوں میں جانا پڑتا تھا ، اب مریضوں کے سی ٹی اسکین کا خرچ پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ  پنجاب کے اسپتالوں کو فراہم کیے جانے والے سی ٹی اسکینز کا کنٹرول لاہور میں ہے، جلد ترقی یافتہ ممالک سے مقابلے کی پوزیشن میں آجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر گھر میں صحت کی سہولتیں فراہم کریں گے، پنجاب کے26 اضلاع میں اسپتالوں کا فضلہ ختم کرنے کے پلانٹ لگائے ہیں۔

عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے دھرنے اور الزام تراشی کے علاوہ کچھ نہیں کیا، انہوں نے خیبرپختونخوا میں کام کیا ہوتا تو ہم ان کی تعریف کرتے،  وہ قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں لیکن قوم اب ان کے فریب میں نہیں آئے گی۔

سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سندھ والوں نے کراچی کو کرچی کرچی کر دیا ہے۔


متعلقہ خبریں