ملک بھرمیں عید الفطر منائی جا رہی ہے


پاکستان بھر میں مسلمان آج عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام سے منا رہے ہیں۔

کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات میں امت مسلمہ، مقبوضہ کشمیر،فلسطین سمیت ملک کی ترقی و خوشحالی اور کورونا وبا کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

نماز عید کی ادائیگی کے بعد شہریوں کا اپنے مرحومین کی قبروں پر حاضری کے لئے جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

عید الفطرکے موقع پر تمام شہروں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

ملک کےمختلف شہروں میں موجود نمائندہ ہم نیوز نے خبر دی ہے کہ سماجی فاصلہ رکھ کر نماز ادا کرنے اور دیگر احتیاطی تدابیرپرعمل نہ ہونے کے برابر ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےعید الفطر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔

انہوں نے کہا دعا ہے کہ یہ عید ہماری زندگیوں میں ڈھیروں مسرتیں اورخوشیاں لے کر آئے۔

‏وزیر اعظم عمران خان نے عیدالفطر پر اہل وطن اور ملت اسلامیہ کو مبارک باد دی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ قوم سے درخواست ہے عید پر کورونا ایس او پیز پر عمل کریں، احتیاط دین کا حکم اور سنت رسول صلی ﷲ علیہ وسلم بھی ہے۔

قائد حزب اختلاف اور صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے قوم سے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیےخصوصی دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کو مدنظر رکھتے ہوئے عید پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عید پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ ہم اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کے لیے عید پر دعاگو ہیں، کورونا وائرس اور کمر توڑ مہنگائی کی وجہ سے عوام روایتی خوشیوں سے محروم ہیں، عوام سے اپیل ہے کہ عید سادگی سے منائیں۔


متعلقہ خبریں