انکل سرگم کے خالق فاروق قیصر انتقال کر گئے

انکل سرگم کے خالق فاروق قیصر انتقال کر گئے

اسلام آباد: معروف مزاح نگار فاروق قیصر (انکل سرگم) انتقال کرگئے ہیں۔ فاروق قیصر کے نواسے حسنین قیصر نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔

فاروق قیصر کا انتقال اسلام آباد میں ہوا ہے۔ وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔ حسنین قیصر کے مطابق ایک گھنٹے پہلے نانا کی طبیعت خراب ہوئی تھی جس کی وجہ سے انہیں اسپتال لے جانے کے لیے ایمبولینس بلائی تھی مگر اس کی آمد سے قبل ہی ان کا انتقال ہو گیا۔

حسنین قیصر کے مطابق فاروق قیصر کا ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں۔ حسنین قیصر کا کہنا ہے کہ ابھی نماز جنازہ کے وقت کا فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

فاروق قیصر نے نیشنل کالج آف آرٹس لاہور سے تعلیم حاصل کی تھی۔ پاکستان ٹیلی ویژن پر وہ 1970 میں اکڑ بکڑ کے ذریعے متعارف  ہوئے تھے۔

بشریٰ انصاری کی بہن سنبل شاہد کورونا کے باعث انتقال کر گئیں

ہم نیوز کے مطابق فاروق قیصر 1976 سے پی ٹی وی سے وابستہ تھے۔ پی ٹی وی کا مشہور پروگرام کلیاں ان کی پہچان بنا۔ اس پروگرام میں انکل سرگم کے کردار سے فاروق قیصر نے بے پناہ شہرت حاصل کی۔

فاروق قیصر نے انکل سرگم کے ذریعے مخلت معاشرتی مسائل نہایت خوبصورتی سے اجاگر کیے تھے۔

ممتاز ڈرامہ و ناول نگار حسینہ معین کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

فاروق قیصر، مصنف، کالم نگار، کارٹونسٹ اور ٹی وی پروڈیوسر تھے۔ وہ 31 اکتوبر 1945 کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے مختلف مزاحیہ کتب بھی لکھیں جنہیں عوام میں بہت پذیرائی ملی۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے فاروق قیصر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک عظیم فنکار ااور قلمکار سے محروم ہو گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیراسد عمر نے کہا کہ فاروق قیصر انکل سرگم جیسے لازوال کرداروں کے خالق تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے کروڑوں افراد کو اپنے منفرد مزاح سے لطف اندوز کیا۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر نے مرحوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ
میری الیکشن کمپین میں ان کی شرکت میرے لیے باعث افتخار ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین۔

ٹی وی کی ممتاز اداکارہ اور ڈرامہ نگار بشری انصاری فاروق قیصر کے انتقال پر ہم نیوزسے بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں۔

معروف پاکستانی لوک گلوکار کی اہلیہ انتقال کر گئیں

بشریٰ انصاری نے انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اچانک جانا انتہائی افسوسناک اور دکھ  کا لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاروق قیصر صاحب کے انتقال پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے بھی دعا کی۔


متعلقہ خبریں