بی آر ٹی بس سروس کل سے کھولنے کا فیصلہ


خیبرپختونخوا حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ کے بعد کل سے پشاور بس ریپڈ ٹرانسپورٹ (بی آر ٹی) بھی کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان  کے مطابق بی آر ٹی کل صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک فعال رہے گی۔ بی آرٹی سروس کورونا ایس او پیز کے تحت عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا ۔

ترجمان کے مطابق بی آر ٹی میں سفر ماسک سے مشروط ہے۔ ماسک کے بغیر کسی کو بی آر ٹی میں سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔ شہری کورونا وائرس کی علامات ہونے کی صورت میں ہرگز سفر نہ کریں۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے کہا ہے کہ 16 مئی سے تاحکم ثانی پبلک ٹرانسپورٹ 50 فیصد مسافروں کے ساتھ چلائی جائے گی جبکہ ریلوے 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلائی جائے گی۔

اس سے قلب این سی او سی نے پبلک ٹرانسپورٹ کی بحالی کے لیے 17 مئی کی تاریخ دی تھی۔

این سی او سی کے مطابق 17 مئی سے مارکیٹیں اور دکانیں رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی۔ مارکیٹوں اور دکانوں کے اوقات کار 17 مئی سے تاحکم ثانی یہی رہیں گے۔

این سی او سی کے مطابق 17 مئی سے سرکاری اور نجی دفاتر کے اوقات کار معمول کے مطابق ہوں گے۔ دفاتر میں ملازمین کی 50 فیصد حاضری کی اجازت ہوگی جبکہ 50 فیصد عملہ گھر اور 50 فیصد دفاتر میں کام کرے گا۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں عید تعطیلات کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ مکمل بند رکھنے کا فیصلہ

این سی او سی کا کہنا ہے کہ 19 مئی کے اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ عوام کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

این سی او سی نے متعلقہ اداروں اور ایجنسیوں کو سختی سے ایس او پیز پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کا حکم دیا ہے۔ عوام ترجیحی بنیادوں پر 1166 پر ویکسین کی رجسٹریشن کو یقنی بنائیں۔


متعلقہ خبریں